وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز سے وفاقی وزیر ایاز صادق اور ایم پی اے خواجہ سلمان رفیق کی ملاقات

12

لاہور، 29 مئی (اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز سے وفاقی وزیر ایاز صادق اور ایم پی اے خواجہ سلمان رفیق نے اتوار کو یہاں  ملاقات  کی، ملاقات میں  باہمی دلچسپی کے امور، سیاسی صورتحال اور عوام کو مہنگائی سے ریلیف دینے کیلئے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ عمران نیازی کے پونے چار سال کے دوران عوام مہنگائی کی چکی میں پس کررہ گئے، ہیں ، ہماری حکومت نے آٹے کی قیمت میں کمی کر کے صوبے کے عوام کی مشکلات کم کی ہیں۔انہوں نے کہا کہ  صوبے بھر میں 10 کلو آٹے کا تھیلا 650 روپے کی بجائے 490 روپے میں مل رہا ہے، عام آدمی کو 10 کلو آٹا کے تھیلے پر 160 روپے کا ریلیف دیا گیا ہے۔

حمزہ شہباز نے کہا کہ   چینی اور گھی کی قیمتوں میں کمی لانے کیلئے بھی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔انہوں نےکہا کہ عوام نے عمران نیازی کے انتشار مارچ کا دھڑن تختہ کردیا ہے۔انھوں نے کہا کہ آڈیو لیک میں عمران نیازی اپنے لئے این آر او کی بھیک مانگتا رہا، آڈیولیک نے سازش کا پردہ چاک کردیا ہے ۔

وفاقی وزیر ایاز صادق نے کہا کہ آپ نے آٹا سستا کر کے مہنگائی میں پسے عوام کو حقیقی ریلیف دیا ہے،آٹا سستا کرنے کا اقدام قابل تحسین ہے۔