ملتان؛ کمشنر نے  قومی تعمیر نو کے محکوموں کو ترقیاتی سکیموں کی بروقت تکمیل کا الٹی میٹم دے دیا

9

ملتان، 30 مئی (اے  پی پی ): ڈویژنل انتظامیہ کا عوامی ترقیاتی منصوبوں کا سفر جاری،کمشنر نے  قومی تعمیر نو کے محکوموں کو ترقیاتی سکیموں کی بروقت تکمیل کا الٹی میٹم دے دیا ہے ۔

 کمشنر انجینئر عامر خٹک کی صدارت میں ڈویژنل ڈویلپمنٹ کمیٹی کا اجلاس ہوا ۔ کمشنر نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب کی  ملتان ڈویژن کے انفراسٹرکچر کی بہتری پر ذاتی نظر ہے ، مالی سال کے اختتام سے قبل سکیمیں مکمل نہ کرنے والے افسران احتساب کیلئے تیار رہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنرز از خود فیلڈ میں سکیموں کی مانیٹرنگ کریں اور  ناقص میٹیریل، سست روی پر متعلقہ افسر کو شوکاز دیں۔

کمشنر عامر خٹک نے کہا کہ شہر کے پارکس، سیوریج سسٹم کی بہتری کیلئے ترجیحی فنڈز طلب کئے گئے ہیں ، ترقیاتی محکمے بھرپور استعداد کار سے کام کریں۔انہوں  نے کہا کہ جن سڑکوں پر کام ہورہا  ہے ، وہاں دن میں دو بار پانی کا چھڑکاؤ کریں۔

اجلاس کو  بریفنگ   میں  بتا یا گیا  کہ ڈویژن میں سالانہ ترقیاتی کی 710 سکیمیں، سی ڈی پی  کی 348 سکیمیں جاری ہیں ، پائیدار ترقیاتی گولز پروگرام4 کی 963 سکیمیں جاری ہیں۔ بریفنگ میں کہا گیا کہ ڈویژن کے ڈپٹی کمشنرز نے 95 انسپکشن کئے،3 شوکاز نوٹس دیے گئے ہیں۔

 اجلاس میں ڈپٹی کمشنرز وہاڑی،خانیوال اور لودھراں نے متعلقہ منصوبوں پر بریفنگ بھی دی جبکہ  ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر رانا اخلاق سمیت ڈویژن کے ڈپٹی کمشنرز،ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ نے شرکت کی۔