پاکستان کا حج کوٹہ 81 ہزار کے قریب ہے؛وفاقی وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور کا پریس کانفرنس سے خطاب

9

اسلام آباد،31مئی  (اے پی پی):وفاقی وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور نے کہا ہے کہ پاکستان کا حج کوٹہ 81 ہزار کے قریب ہے ،پہلے دن سے حج اخراجات میں کمی کی کوشش کر رہے ہیں۔ وفاقی کابینہ نے حج 2022 کی پالیسی کی منظوری دے دی ہے۔

ان خیالات کا  اظہار وفاقی وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور  نے منگل کو یہاں وزارت مذہبی امور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔وفاقی وزیر مذہبی امور نے کہا کہ حج ایک اہم دینی اور مذہبی فریضہ ہے، دو سال کے وقفہ کے بعد سعودی حکام نے محدود حج کوٹہ کے ساتھ انٹرنیشنل حج کی اجازت دی جس کیلئے ہم سعودی حکومت اور خادم الحرمین الشریفین کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دو سال کے وقفہ کے بعد پاکستان کا حج کوٹہ 81210 ہے، یہ حج غیرمعمولی حالات میں انعقاد پذیر ہے، سعودی حکومت کی جانب سے لازمی حج اخراجات تاخیر سے موصول ہونے کے بعد وزارت مذہبی امور نے وقت کی بچت کی  جس کے لئے سارا عملہ خراج تحسین کا حقدار ہے، عیدالفطر سے قبل 50 ہزار ٹوکن کے ساتھ حج درخواستیں وصول کرنا شروع کیں۔

 وفاقی وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور نے کہا کہ ڈالر کے مقابلہ میں روپے کی قدر میں کمی اور معاشی صورتحال کی وجہ سے سابق حکومت نے حج بہت مہنگا کر دیا تھا، اگر ہم کوشش نہ کرتے تو حج 11 لاکھ روپے تک پہنچ جاتا، ہم نے شمالی ریجن کیلئے 800387 اور جنوبی ریجن کیلئے 791337 کا اعلان کیا تھا، اس میں قربانی شامل ہے، حج پیکیج میں سعودی لازمی حج اخراجات کی شرح 51 فیصد ہے، میں نے حج اخراجات میں کمی کیلئے کوششیں کیں، انہی کوششوں کے نتیجے میں وفاقی کابینہ خاص طور پر وزیراعظم شہباز شریف کا شکرگزار ہوں جنہوں نے فیاضانہ انداز میں ایک لاکھ 50 ہزار روپے کے سپورٹ رقم کی منظوری دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے مکہ اور مدینہ میں سستی عمارات حاصل کیں، خوراک کی مد میں بچت کیلے اقدامات اٹھائے، حاجیوں کیلئے تین وقت کا کھانا 27 ریال میں معاہدہ کیا، حرم کے قریب ترین رہائشی عمارتیں حاصل کی ہیں۔

 وفاقی وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور نے کہا کہ ہم نے 6 ماہ کا کام ایک ماہ میں کیا ہے، عازمین حج مطمئن رہیں، وزارت کا عملہ، بینک اور ایئرلائنیں کام خوش اسلوبی سے کر رہے ہیں، روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کے تحت سعودی حکومت کی ہدایت کے مطابق پہلی حج پرواز 6 جون کو روانہ ہوگی، پرواز کی اطلاع عازمین حج کو بذریعہ ایس ایم ایس اور یب سائٹ کر دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ 810 کل معاونین حج جا رہے ہیں، ان کے ویزے سعودی حکام کی جانب سے فراہم کئے جاتے ہیں، ان میں سیزنل سٹاف، خدام الحجاج اور دیگر معاونین شامل ہیں۔