صوبائی حکومت جلد ہی صوبے کے تمام اضلاع کے بصارت سے محروم افراد کے اداروں کو بریل کتابیں فراہم کریگی؛ انورزیب خان

17

پشاور، 31  مئی (اے پی پی): خیبر پختونخوا کے وزیر زکوٰة وعشروسماجی بہبود ،خصوصی تعلیم اور ترقی خواتین انورزیب خان نے کہا ہے کہ موجودہ صوبائی حکومت معاشرے کےبصارت سے محروم بچوں اور بچیوں کی تعلیم ، تربیت اور تحفظ پر خصوصی توجہ دے رہی ہے  اور وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ محمود خان کے ویژن کے  مطابق انکا محکمہ نابینا افراد اور انکے لئے قائم سرکاری اداروں کو ہر قسم کی سہولیات مہیا کرنے کیلیے عملی اقدامات اٹھارہا ہے، صوبائی حکومت جلد ہی صوبے کے تمام اضلاع کے بصارت سے محروم افراد کے اداروں کو بریل کتابیں فراہم کریگی۔

صوبائی وزیر نے ان خیالات کا اظہاربطور مہمان خصوصی گورنمنٹ انسٹیٹیوٹ برائے بصارت سے محروم بچے نانک پورہ پشاور میں سالانہ امتحان میں پوزیشن لینے والےبچوں میں انعامات تقسیم کرنے کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا-

صوبائی وزیر نے کہا کہ موجودہ  صوبائی حکومت نے گورنمنٹ انسٹیٹیوٹ برائے بصارت سے محروم بچے نانک پورہ پشاورکے 40 سالہ مطالبہ کو پوراکرکے 43.9 ملین روپے کی لاگت سے بریل پرنٹنگ پریس کو اسی سکول میں قائم کیا جو بہت جلد صوبے کے تمام اضلاع کے بصارت سے محروم افراد کے اداروں کو بریل کتابیں فراہم کریگی۔انہوں نے کہاکہ  موجودہ صوبائی حکومت نے صوبہ کے تمام اضلاع میں معزور افراد کیلیے ڈسیبیلیٹی سرٹیفیکیٹ کے اجرا کیلئے one window operation قائم کیا، جس پر ویب سائٹ یا ایپ کے زریعے گھر بیٹھے اپلائی کرسکتے ہیں-

صوبائی وزیر انورزیب خان نے کہا کمپیوٹرایزڈ بریل پرنٹنگ پریس کو اسی سکول میں قائم کرنے سے ان اداروں نے بہت ترقی کی ہے یہ بچے ملک کا روشن مستقبل ہیں اور امید ہے کہ اچھے اداروں میں انکی پوسٹنگ ہوگی کیونکہ ان بچوں میں کافی ٹیلنٹ موجود ہے اور معاشرے میں اپنی زمہ دارایاں نبھاسکتے بس ان بچوں کو خاص توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے یقین دلاتے ہوئے کہا کہ سکول میں سٹاف کی کمی اور دوسرے درپیش مسائل کو بہت جلد حل کیا جاَیگا۔

 آخر میں صوبائی وزیر نے سالانہ امتحان میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء میں ٹرافیاں ، کیش پرائزز اور سکول بیگز تقسیم کئے اوربچوں کی گلیات کی سیر کیلئے 40 ہزار روپے فنڈ کا اعلان کرکے نقد رقم سکول پرنسپل کے حوالے کی  جبکہ صوبائی وزیر نے بچوں کی سیر کیلیے ٹرانسپورٹ اور دوسرے انتظامات کی فراہمی کا بھی یقین دلایا۔

 صوبائی وزیر نے سکول کے مختلف سیکشنز کا دورہ کیا جہاں سکول کے پرنسپل نےصوبائی وزیر انورزیب خان کو ادارے کے بارے میں بریفنگ دی ۔