ملتان ؛ “صاف پنجاب مہم” کے آڈٹ کیلئے  سی ای او ویسٹ منیجمنٹ کمپنی فاروق ڈوگر   کے  موٹر سائیکل پر شہر کے دورے

27

ملتان، یکم جون(اے پی پی ):”صاف پنجاب مہم” کا گلی گلی کوچہ کوچہ آڈٹ کے لئے ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کے سی ای او محمد فاروق ڈوگر   کے  موٹر سائیکل پر شہر کے دورے جاری ہیں۔انہوں نے زون فور کے علاقے چوک ڈبل پھاٹک، کمہار منڈی، مسلم کالونی، نظام آباد، ولائت آباد نمبر1 اور واحد آباد میں صفائی کا جائزہ لیا اور گلی محلوں میں شہریوں سے ملاقات کی اور صفائی بارے فیڈ بیک لیا۔انہوں نے شہریوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ورکرز کی غیر حاضری اور ناقص صفائی بارے ہیلپ لائن1139 پر شکایت کی جائے جس پر فوری ایکشن لیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ شہریوں کے تعاون کے بغیر شہر میں صفائی کو برقرار نہیں رکھا جاسکتا۔

محمد فاروق ڈوگر نے عندیہ دیا  کہ شہر میں صفائی کی مانیٹرنگ کا عمل مزید موثر بنایا جارہا ہے اور بتایا کہ “صاف پنجاب مہم” چار ماہ تک جاری رہے گی جسے  کامیاب بنانے کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں،ڈپٹی منیجر آپریشنز بلال بھٹہ بھی انکے ہمراہ تھے۔

دوسری طرف حضرت شاہ شمس سبزواری کے تین روزہ عرس کا آغاز ہو گیاہے۔عرس کے موقع پر ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کی طرف سے صفائی ستھرائی کے بہترین انتظامات کئے گئے ہیں۔علی چوک سے دربار شاہ شمس تک پانی  سڑک پر کا چھڑکاو اور لائم لائننگ کی گئی۔

سی ای او محمدفاروق ڈوگر نے  صفائی کا جائزہ لینے کے لئے دربار شاہ شمس کا دورہ کیا اور آپریشنل سٹاف کو عرس کے دوران بہترین صفائی برقرار رکھنے کی ہدایات جاری کیں۔

دریں اثناء ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کے ورکر اللہ بخش ڈیوٹی کے دوران ٹریفک میں شدید زخمی ہوگئے ہیں اور انہیں تشویشناک حالت میں نشتر ہسپتال میں داخل کرادیا گیا یے۔حادثے کی اطلاع ملنے پر  سی ای او محمدفاروق ڈوگر نے  نشتر ہسپتال میں اللہ بخش کی عیادت کی ۔اس موقع پر انہوں نے کمپنی ورکر اللہ بخش کے لواحقین کو یقین دلایا کہ علاج معالجہ کی تمام سہولیات مفت  فراہم کی جائیں گی۔