چنیوٹ؛ ڈپٹی کمشنر کیپٹن(ر) ندیم ناصر کا  بازاروں اور مارکیٹوں کا اچانک دورہ،سستا آٹا سیل پوائنٹس کا جائزہ لیا

10

چنیوٹ،04 جون(اے پی پی ): حکومت پنجاب کی جانب سے عوام کو رعایتی قیمت پر آٹا کی فراہمی تسلسل کے ساتھ جاری ہے، محکمہ خوارک کی جانب سے مقرر کردہ کریانہ سٹوروں پر آٹا سیل پوائنٹس قائم کیے گئے ہیں جہاں 10کلو گرام آٹا کا تھیلہ رعایتی قیمت 490روپے میں دستیاب ہے۔

 اسی سلسلہ میں ڈپٹی کمشنر کیپٹن(ر) ندیم ناصر نے بازاروں اور مارکیٹوں کا اچانک دورہ کیا،ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر فضل شاہد بھی ہمراہ تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے حکومت پنجاب کی جانب سے سبسڈی پر آٹا سیل کرنے والے پوائنٹس کو چیک کیا۔انہوں نے آٹا سیل پوائنٹس پر سرکاری کوٹہ اور آٹے کی سیل سمیت دیگر ریکارڈ اور سٹاک کا جائزہ لیا۔انہوں نے سٹاک اور ریکارڈ درست نہ رکھنے پر 3 دکانوں کو سیل کروا دیا۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز کے احکامات پر عوام کو 10 کلو گرام آٹے کا تھیلہ رعایتی قیمت 490 روپے میں دستیاب ہے۔ انکا کہنا تھا کہ ضلع میں سبسڈی کے تحت آٹا کی فروخت کا عمل بلاتعطل جاری ہے، فلور ملز سے روزانہ کی بنیاد پرآٹا لے کر گرین تھیلے اوپن مارکیٹ میں فروخت ہورہے ہیں۔

انہوں نے مختلف علاقوں میں کریانہ کی دکانوں پر جاکر آٹا کی دستیابی اور مقررہ نرخوں پر فروخت کو چیک اور اوورچارجنگ سے بازرہنے کی تاکید کی۔انہوں نے بتایا کہ کریانہ سٹورز پر آٹے کی کوئی کمی نہ ہے۔ انکا کہنا تھا کہ شہریوں کو تمام سیل پوائنٹس پروافر مقدار میں رعایتی قیمت پر آٹا دستیاب ہے۔

ڈپٹی کمشنر کیپٹن(ر) ندیم ناصر نے خبردار کیا کہ سیل پوائنٹس کی مانیٹرنگ کا سلسلہ بھی جاری ہے، خلاف ورزی کرنے والے دکانداروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔