ملتان، 05 جون (اے پی پی ): ڈیپارٹمنٹ آف میڈیکل ایجوکیشن نشتر میڈیکل یونیورسٹی کے زیر اہتمام سرٹیفکیٹ ان ہیلتھ پروفیشن ایجوکیشن کے پہلے کانوکیشن کا انعقاد حیات ظفر آڈیٹوریم میں ہوا جس کے مہمان خصوصی وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر رانا الطاف احمد جبکہ گیسٹ آف آنر سابق وائس چانسلر یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز پروفیسر جنید سرفراز خان تھے۔
کانوکیشن میں نشتر میڈیکل یونیورسٹی کے سینئر فیکلٹی ممبران سمیت سرٹیفکیٹ ان ہیلتھ پروفیشن ایجوکیشن کورس کے اساتذہ سمیت کامیاب ہونے والے ڈاکٹرز نے شرکت کی۔ تقریب کے آغاز میں ڈائریکٹر ڈیپارٹمنٹ آف میڈیکل ایجوکیشن نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر راشد قمر راؤ نے مذکورہ سرٹیفکیٹ کورس کے اغراض ومقاصد اور طریقہ کار پر روشنی ڈالی۔
اس موقع پر وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر رانا الطاف احمد سمیت نشتر میڈیکل یونیورسٹی کے سینئر فیکلٹی ممبران نے بھی شرکاء سے خطاب کیا اور کامیاب ہونے والے ڈاکٹرز کو انکی اس شاندار کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔ وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر رانا الطاف احمد نے سرٹیفکیٹ ان ہیلتھ پروفیشن ایجوکیشن کے پہلے دو گروپس کے 67 کامیاب امیدواروں میں سرٹیفکیٹ تقسیم کیے۔
وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر رانا الطاف احمد نے اپنے خطاب میں کہا کہ طبی شعبے کا مستقبل ایک بھر پو ر تعلیمی وتدریس ترقی کا متقاضی ہے۔ لہذا تدریسی عمل کو زیادہ سے زیادہ مؤثر اور بامقصد بنانے کے لیے جدید ترین تدریسی نظام سے آشنا ہونا انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے اس کورس کے کامیاب انعقاد پر ڈایریکٹر پروگرام پروفیسر ڈاکٹر راشد قمر راؤ، تمام ٹرینررز، پروگرام آرگنائزر محمد شعیب، رب نواز اور آئی ٹی ایکسپرٹ محمد عارف کو بھی مبارکباد پیش کی۔











