ملتان،05 جون(اے پی پی): کمشنر ملتان انجینئر عامر خٹک کی ہدایت پر سپورٹس کمپلیکس ملتان میں جگمگاتی روشنیوں میں جاری دو روزہ انڈر 12کڈز میلہ اپنی رنگینیاں بکھیر کر اختتام پذیر ہوگیا۔اس خوبصورت میلے میں ملتان کے بارہ سال سے کم عمر بچوں اور بچیوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور مارشل آرٹ،اتھلیٹکس،رسہ کشی اور فٹبال کے مقابلہ جات میں بھرپور حصہ لیا۔
اس موقع پر والدین کا جوش و خروش بھی قابل دید تھا،جنہوں نے دوران مقابلہ جات اپنے بچوں کو بھرپور سپورٹ کرنے کے ساتھ ساتھ سپورٹس ڈیپارٹمٹ کی اس کاوش کو بھی سراہا۔
اس موقع پر اختتامی تقریب منعقد کی گئی جس کے مہمان خصوصی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کواٹر ملتان رانا اخلاق احمد تھے جبکہ ڈپٹی ڈاریکٹر ڈی جی پی آر ارم سلیمی ، ڈی ایس پی موٹر وے پولیس مسرور احمد، ڈسڑکٹ سپورٹس آفیسر ملتانفاروق لطیف، خالد کمانڈو، نعیم، رانا جہانزیب اور ڈویژنل کوچز بھی موجود تھے۔
ڈویژنل سپورٹس آفیسر ملتان رانا ندیم انجم نے اس موقع پر کہا کہ ہم نے اپنے بچوں کو موبائل اور ویڈیو گیمز کی دنیا میں اکیلا چھوڑ دیا ہے،جس کی وجہ سے ہماری آنے والی نسل ذہنی بیماریوں اور امراض چشم میں مبتلا ہو رہی ہے اسی چیز کو مدنظر رکھتے ہوئے اس میلہ کا اہتمام کیا گیا تھا تاکہ ہمارے نونہال کھیلوں کے میدانوں کی طرف راغب ہو کر موبائل کے مضر اثرات سے محفوظ رہیں۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ملتان رانا اخلاق احمد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم لوگوں نے اپنی زندگی کو بہت مصروف بنالیا ہے، وقت کی کمی نے ہمیں اپنے بچوں کے ساتھ وقت بتانے سے محروم کردیا ہے، اس لیے ہم نے بچوں کو موبائل کے مضر صحت ماحول کا حصہ بنادیا ہے، جس کی وجہ سے خوشحال پاکستان کا مستقبل مختلف بیماریوں کا شکار ہونے لگ گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بچوں کو آغاز کے ساتھ ہی صحت مندانہ سرگرمیوں کی طرف مائل کرنا بہت ضروری ہے، آج کے اس کڈز میلےمیں بچوں کی اتنی بڑی تعداد دیکھ کر بہت خوشی ہوئی ہے،سپورٹس ڈیپارٹمنٹ کا ایسے پروگرام منعقد کرانا قابل تحسین ہے۔یہاں یہ بات بھی قابل تحسین ہے کہ یہاں پر والدین کی ایک بڑی تعداد موجود ہے جو کہ اپنے بچوں کا حوصلہ بڑھا رہے ہیں۔
اس موقع پر مختلف کھیلوں میں شریک بچوں اور ان کے والدین نے سپورٹس ڈیپارٹمنٹ ملتان کی اس خصوصی کاوش کو سراہتے ہوئے مستقبل میں بھی اس طرح کے ایونٹس منقعد کرانے کی امید ظاہر کی۔
کڈز میلہ کے اختتام پر ایونٹ میں شامل تمام بچوں اور بچیوں میں ڈویژنل سپورٹس ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے شرٹس دی گئیں اور ریفریشمنٹ کرائی گئی۔











