جلال پورپیروالہ ،08 جون (اے پی پی): ڈپٹی ڈائریکٹر لائیوسٹاک و سپیشل مجسٹریٹ پرائس کنٹرول ڈاکٹر جمشید اختر نے کہا کہ ناجائز منافع خور، ذخیرہ اندوز کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔
گزشتہ روز سوشل میڈیا پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی افواہ پر شہر کے بیشتر پیٹرول پمپس پر خریداروں کا غیر معمولی رش دیکھا گیا اور پیٹرول کی مصنوعی قلت ظاہر کرکے پیٹرول پمپس انتظامیہ کی جانب سے شہریوں کو محدود مقدار میں پیٹرول مہیا کیا جارہا تھا جس پر ڈپٹی ڈائریکٹر لائیوسٹاک و سپیشل مجسٹریٹ پرائس کنٹرول ڈاکٹر جمشید اختر نے جلال پور کے مختلف پیٹرول پمپس پر جاکر پیٹرول اور ڈیزل کی سپلائی اور سیل کا جائزہ لیا۔انہوں نے پیٹرول پمپس مالکان کو متنبہ کیا کہ پیٹرول اور ڈیزل کی فراہمی شہریوں کو ان کی ضرورت کے مطابق یقینی بنائیں ، انہوں نے پیٹرول پمپس پر آئے شہریوں سے پیٹرول و ڈیزل کی قیمت بھی دریافت کی، ان کا کہنا تھا کہ ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سختی سے نمٹا جائے گا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خبریں افواہ ہیں ،جلال پور کے تمام پیٹرول پمپس پر پیٹرول اور ڈیزل کی سیل بلا تعطل جاری ہے ،شہری کسی بھی شکایت کی صورت میں براہ راست مجھ سے رابطہ کریں ۔











