وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کا ہر ضلع میں پرائس کنٹرول سرگرمیوں کی آن لائن مانیٹرنگ کیلئے وزیراعلی پنجاب پرائس ڈیش بورڈ کا افتتاح

14

 

لاہور ،08 جون  (اے پی پی): وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز نے اشیاء ضروریہ کی قیمتوں اور ہر ضلع میں پرائس کنٹرول  کی سرگرمیوں کی آن لائن مانیٹرنگ کیلئے وزیراعلی پنجاب  پرائس ڈیش بورڈ کا افتتاح کر دیا ہے ۔ ڈیش بورڈ پر پرائس مانیٹرنگ  کے لیے اضلاع میں ڈپٹی کمشنرزاور اسٹنٹ کمشنرز کی کارکردگی کی آن لائن مانیٹرنگ شروع کر دی گئی ۔پرائس کنٹرول کمیٹیوں کی سرگرمیوں کو بھی ڈیش بورڈ کے ذریعے مانیٹر کیا جا سکے گا۔ وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز  روزانہ خود بھی ڈیش بورڈ کے ذریعے پرائس کنٹرول کے لئے اضلاع کی کارکردگی کو مانیٹر کریں گے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کی زیر صدارت پرائس کنٹرول کا جائزہ لینے کیلئے اہم اجلاس منعقد ہوا ۔ اجلاس میں صوبہ بھر میں پرائس کنٹرول کی سرگرمیوں کا جائزہ لیا گیا اور متعلقہ سیکرٹریز نے رپورٹ پیش کی۔

وزیر اعلیٰ  نے کہا کہ ڈپٹی کمشنرز، اسٹنٹ کمشنرز اور پرائس کنٹرول کمیٹیوں کی کارکردگی  پرائس کنٹرول سے منسلک ہوں گی، اچھی کارکردگی پر متعلقہ ضلع کے افسروں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی جبکہ خراب کارکردگی پر جواب طلبی ہو گی۔انھوں نے کہا کہ ہر ضلع کے ڈپٹی کمشنر ڈیش بورڈ پر صبح 10بجے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو اپ لوڈ کرنے کے پابند ہوں گے۔

وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز نے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کے حوالے سے عوامی شکایات درج کرانے کیلئے ٹول فری نمبر لانچ کرنے کا اعلان بھی کیا۔انہوں نے ہدایت دی کہ آئندہ 3 روز  میں ٹول فری نمبر لانچ کرنے کے حوالے سے فوری ضروری اقدامات کئے جائیں۔

وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز نے صوبائی وزراء، پولیٹیکل اسسٹنٹس اور سیاسی رفقاء کو فیلڈ دورہ کرنے  کی ہدایت بھی دی۔صوبائی وزراء اور پولیٹیکل اسسٹنٹس کو فیلڈ دوروں کے لئے اضلاع تفویض کئے جائیں گے۔

حمزہ شہباز نے کہا کہ پرائس کنٹرول کے لئے یونین کونسل کی سطح پر فیلڈ وزٹ کئے جائیں۔ نچلی سطح پر عوام کو ریلیف دینے کیلئے آپ سب کمر کس لیں۔ کمروں میں بیٹھ کر زمینی حقائق کا اندازہ نہیں لگایا جاسکتا ۔ عام آدمی مشکل میں ہے، ہم نے مل کر عام آدمی کو ریلیف دینا ہے۔انھوں نے کہا کہ پنجاب حکومت چینی کی ایکسپورٹ کی اجازت نہ دینے کے لئے وفاقی حکومت کو باضابطہ خط لکھے گی۔

  سردار اویس لغاری، چوہدری  محمد اقبال، بلال یاسین،عطا تارڑ ، معاویہ اعظم، ملک ندیم کامران،ذیشان رفیق، رمضان صدیق بھٹی، سائرہ افضل، پولیٹیکل اسسٹنٹس، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس اور متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز اور اعلی حکام نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ  تمام کمشنرز اور  ہر ضلع کے ڈپٹی کمشنرز وڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے ۔