ملتان ،09 جون (اے پی پی ): کمشنر انجینئر عامر خٹک نے یوریا کھاد فروخت پوائنٹس، وئیر ہاؤسز، گودام کا دورہ کیا ،جہاں قنہوں نے ریکارڈ، سٹاک رجسٹرز چیک کیے ۔ کمشنر نے رجسٹر پر درج نمبر پر کال کروا کر قیمت خرید، مقدار بارے تصدیق کی جبکہ کھاد مارکیٹ،نوٹیفائیڈ پوائنٹس پر کھاد کی طلب و رسد کا جائزہ لیا ۔
اس موقع پر کمشنر انجینئر عامر خٹک نے شہریوں سے ملاقات کی اور مسائل بارے دریافت کرتے ہوئے کہا کہ فرد، گرداوری،کسان کارڈ کے بغیر کھاد فراہم نہیں کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ مڈل مین مافیا کی سرکوبی کیلئے فرد لازم کی گئی ہے ، ڈویژن میں یوریا کھاد کی کوئی قلت نہیں ہے۔
عامر خٹک نے کہا کہ حکومتی پالیسیوں کے ثمرات عوام تک پہنچانے کیلئے افسران فیلڈ میں نکلیں اور نان ڈیکلیئرڈ، مارکیٹ میں قلت کا باعث بننے والے سٹاک پر کارروائی کی جارہی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ڈیلرز حضرات خوشحال کسان، خوشحال پاکستان کیلئے انتظامیہ سے تعاون کریں ، ڈویژن میں 300 فرٹیلائزرز سیل پوائنٹس، 507 ڈیلرز رجسٹرڈ ہیں۔











