لاہور،11جون ( اے پی پی ): صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ پنجاب کی 12کروڑ عوام کو صحت کی بہترسہولیات فراہم کرنے کی کوشش کررہے ہیں، ہم سب نے مل کر سرکاری ہسپتالوں میں آنے والے مریضوں کی خدمت کرنی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے مقامی ہوٹل میں دوسری ایم ایس اور سی ای اوزکانفرنس سے خطاب میں کیا۔کانفرنس میں سیکرٹری صحت علی جان خان،سیکرٹری صحت جنوبی پنجاب،سپیشل سیکرٹریزصالحہ سعید اورڈاکٹرفرخ نوید،ایڈیشنل سیکرٹری ٹیکنیکل ڈاکٹرعاصم الطاف،ڈی جی ہیلتھ سروسزڈاکٹرہارون جہانگیر اور پنجاب کے تمام سرکاری ہسپتالوں کے ایم ایس اور سی ای اوزحضرات نے شرکت کی۔تمام سی ای اوزنے اجلاس کے دوران متعلقہ اضلاع کے سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کیلئے طبی سہولیات بارے کارکردگی پیش کی۔
صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ تمام سی ای اوزاور ایم ایس حضرات اپنے اضلاع میں مریضوں کیلئے سہولت پیداکررہے ہیں، معاشرے میں بہتری ہمیشہ یگانگت،اتحاد اورتنظیم سے آتی ہے، پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں کے مسلسل دورے کئے جارہے ہیں، دورہ کرنے کا بنیادی مقصد صرف اور صرف بہتری لانا اور سہولت دیناہے یہاں بیٹھاہر افسرایک لیڈرہے۔
صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ ڈی ایچ کیوہسپتال قصورکا دورہ کرکے مسائل حل کرنے کی کوشش کی۔خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں کا دورہ کرکے حالات کا جائزہ لیاجارہاہے، پنجاب میں ڈینگی پرقابوپانے کیلئے تمام تروسائل بروئے کارلائے جارہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ چلڈرن ہسپتال لاہور میں آتشزدگی کا انتہائی افسوس ناک واقعہ ہوا، پنجاب کے تمام سرکاری ہسپتالوں کے ایم ایس حضرات آتشزدگی کے واقعات سے بچنے کیلئے حفاظتی اقدامات کو یقینی بنائیں۔











