چیف سیکرٹری پنجاب کامران علی افضل کا  فیصل آباد کا دورہ، مختلف دکانوں، آٹا اور کھاد سیل پوائنٹس، جنرل ہسپتال حسیب شہید کالونی کا معائنہ کیا

12

لاہور، 11 جون ( اے پی پی ): وزیر اعلی ٰ پنجاب حمزہ شہباز کی ہدایت پر عوام کو ریلیف کی فراہمی کیلئے پنجاب حکومت متحرک،چیف سیکرٹری پنجاب کامران علی افضل نے فیصل آباد کا دورہ کیا۔چیف سیکرٹری نے تحصیل چک جھمرہ، ڈجکوٹ اور سٹی میں مختلف دکانوں، آٹا اور کھاد سیل پوائنٹس، جنرل ہسپتال حسیب شہید کالونی کا معائنہ کیا۔

چیف سیکرٹری نے یونین کونسل 12 چک جھمرہ، یونین کونسل 113 سٹی اور ڈجکوٹ میں قائم سیل سینٹرز پر کھاد کی فروخت کے عمل کا جائزہ لیا۔انہوں نے کھاد کی خریداری کے لئے آئے کاشتکاروں کے مسائل سنے اور ضروری ہدایات جاری کیں اور سیل پوائنٹس کے معائنہ کے دوران  آٹا کے معیار  اور دستیابی بارے بھی دریافت کیا ۔انہوں  نے کہا کہ دوروں کا مقصد عوام کو ریلیف کی فراہمی کیلئے کئے جانیوالے اقدامات کا جائزہ لینا ہے، کاشتکاروں کی سہولت کیلئے  یونین کونسل  کی سطح پر کھاد مقررہ نرخوں پر فراہم کی جارہی ہے، محکمہ زراعت کی ایڈوائزری کے مطابق صرف یوریا کی بجائے کاشتکار تمام کھادوں کا متناسب استعمال کریں۔

 چیف سیکرٹری نے کہا کہ پنجاب حکومت آٹے کی رعایتی قیمت پر فراہمی کیلئے خطیر رقم کی سبسڈی دے رہی ہے،قیمتوں میں استحکام کیلئے انتظامی اقدامات تسلسل کے ساتھ جاری رکھے جائیں، اشیاء خورونوش کی مقررہ قیمت پر دستیابی کو یقینی بنایا جائے گا۔انہوں   نے  کہا کہ  ریڑھی بازار عوام کی سہولت کیلئے قائم کئے گئے ہیں، ٹریفک کی روانی متاثر نہ ہو۔ جنرل ہسپتال میں چیف سیکرٹری نے مریضوں اور انکے لواحقین سے علاج معالجے کی سہولیات بارے بھی  دریافت کیا۔