لاہور ، جون 21(اے پی پی): صوبائی وزیر داخلہ عطا اللہ تارڑ کی زیرصدارت بچوں اور خواتین کے ساتھ جنسی زیادتی کے بڑھتے کیسز کی روک تھام کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں ارکان پارلیمنٹ، سول سوسائٹی کے نمائندوں اور پولیس افسران اور وکلاء نمائندوں نے شرکت کی۔صوبائی وزیر داخلہ نے جنسی زیادتی کے بڑھتے کیسز پر تشویش کا اظہار کیا اور جنسی زیادتی کے بڑھتے واقعات پر صوبے بھر میں ایمرجنسی کے نفاذ کا اعلان بھی کیا۔صوبائی وزیر داخلہ نے ایسے کیسز کی روک تھام کے لیے پانچ کمیٹیاں تشکیل دینے کی ہدایات جاری کیں۔
کمیٹیاں ارکان پارلیمنٹ ، سول سوسائٹی کے نمائندوں، پولیس افسران اور وکلاء نمائندوں پر مشتمل ہوں گی-صوبائی وزیر نے کہا کہ پراسیکیوشن ڈیپارٹمنٹ کو 48 گھنٹے کے اندر ایسے کیسز کی تفصیلات فراہم کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔تمام کمشنرز اور انتظامی افسران کو ایسے غیر محفوظ علاقوں کے دوروں کی ہدایت بھی جاری کی ہے۔موجودہ حکومت جنسی زیادتی کے واقعات کی روک تھام کے لیے آخری حد تک جائے گی۔ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے آگاہی مہم وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ صوبائی وزیر داخلہ نے کہا کہ سول سوسائٹی، میڈیا اور والدین کو ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے اپنا فرض ادا کرنا چاہیے۔











