اوکاڑہ،27جون (اے پی پی):نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس اور ٹوٹل پارکو کے اشتراک سے روڈ سیفٹی سیشن کا انعقاد کیاگیاجسمیں ایڈیشنل آئی جی سینٹرل ریجن محبوب اسلم نے خصوصی طور پرشرکت کی۔
ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق ایڈیشنل آئی جی محبوب اسلم نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے سیشن میں روڈ سیفٹی کے اصولوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس نے ہائی ویز اور موٹروے پر مختلف قسم کی مہم کا آغازکیاہے، جن کا مقصد شاہراہوں پر حادثات پر قابو پانا ہے اورموٹرویز پر نو مور کے نام سے مہم جاری ہے۔ جس میں گاڑی کو نہ رکنے پر تعاقب کرکے گاڑی کو روکا جاتا ہے جبکہ ہائی وےپرہیلمٹ کےاستعمال اورلین وائیلیشن سے متعلق مہم کامیابی سے جاری ہے۔
ایڈیشنل آئی جی محبوب اسلم نے کہا کہ مہم کی کامیابی کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہےکہ ہائی وے پر 70 فیصدموٹرسائیکل سواروں نے ہیلمٹ کا استعمال شروع کردیا۔انہوں نے کہا کہ موٹر سائیکل سوارہیلمٹ کا استعمال لازمی کریں۔
ایڈیشنل آئی جی محبوب اسلم نے مزید کہا کہ لین وائیلیشن کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جارہی ہے۔ خصوصی مہم آئی جی موٹرویز خالد محمود کے حکم پر شروع کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سب مل کر موٹروے پولیس کے ساتھ تعاون کریں تاکہ حادثات پر قابو پایا جاسکے۔
سیشن میں ریسکیو 1122 کے افسران نے بھی خصوصی شرکت کی۔











