ملتان، 28 جون(اے پی پی):کمشنر ملتان ڈویژن انجینئر عامر خٹک نے جعلی کھادوں، زرعی ادویات کیخلاف کریک ڈاؤن کا حکم دیدیا۔انہوں نے محکمہ زراعت کے اعداد و شمار مسترد کرتے ہوئے کہا کہ کاغذی کارروائیاں نہیں فیلڈ میں نتائج نظر آئیں۔
ان خیالات کا اظہار کمشنر انجینئر عامر نے محکمہ زراعت ایڈوائزری کمیٹی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ ڈویژن میں جعلی زرعی ادویات فرٹیلائزرز قبول نہیں ہیں، بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کیا جائے،محکمہ زراعت افسران دفاتر سے باہر نکل کر فیلڈ مانیٹرنگ کریں اور کہا کہ کسان کی روزی روٹی زمین سے جڑی ہےاسکی دادرسی کریں۔
کمشنر عامر ختک نے واضح کیا کہ ڈیٹا کی بجائے خود فیلڈ میں جا کر جانچ کرنے والا افسر ہوں، کسانوں کو فرٹیلائزر، یوریا ، کھاد کی فراہمی یقینی بنائی جائے اور عدالتوں میں زیر التواء کیسوں کی مکمل پیروی کی جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب کسانوں کو ریلیف دینے کیلئے اقدامات کررہی ہے۔حکومتی پالیسیوں کے ثمرات کاشتکاروں تک پہنچانے کیلئے زرعی افسران محنت کریں ۔
اجلاس میں ڈپٹی کمشنر ملتان طاہر وٹو ، ڈی سی لودھراں آغا ظہیر عباس شیرازی، ڈائیریکٹر محکمہ زراعت شہزاد صابر، دیگر افسران جبکہ ویڈیو لنک پر ڈپٹی کمشنرز ، ذرعی افسران موجود تھے۔











