ملتان، 28 جون (اے پی پی):پنجاب فوڈ اتھارٹی کا ملاوٹ مافیا کیخلاف گرینڈ آپریشن،ڈائریکٹر آپریشنز ساؤتھ محمد سیف کی زیرنگرانی ملتان میں پاپڑ فیکٹریز، بیکریز اور آئس فیکٹریز کی چیکنگ کی گئی اور پاپڑ فیکٹریز اور بیکریز کو حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزیوں پر بھاری جرمانے عائد کئیے گئے اور پانی کا سیمپل فیل ہونے پر 3 آئس فیکٹری مالکان کیخلاف ایف آئی آر درج کی گئی جںکہ ایک برف فیکٹری کی پروڈکشن بند کر دی گئی ۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی شعیب خان جدون نے کہا کہ 120 لٹر غیر معیاری محلول، 15 لٹر رینسڈ آئل اور 8 کلو کھلے اجزاء تلف کردیے گئے ہیں اور پاپڑ فیکٹری کو حشرات زدہ محل،غیر معیاری اجزاء کی ملاوٹ پر 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کردیا گیا ہے جبکہ مشینری کی صفائی نہ ہونے، فلٹر کا استعمال نہ کرنے اور صفائی کے ناقص انتظامات پر بھاری جرمانہ کیا گیا ہے۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے کہا کہ 3 بیکریوں کو خوراک کی تیاری میں کھلے اجزاء، رینسڈ آئل اور کیمیکل کی ملاوٹ کرنے پر 30، 30 ہزار کے جرمانے کردیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پروڈکشن ایریا میں حشرات کی بھرمار، خوراک کو زمین پر سٹور کرنے پر بھاری جرمانے کیے گئے ہیں جبکہ 3 آئس فیکٹریوں کو پانی میں آرسینک کی مقدار پائے جانے پر ایف آئی آر درج کرادی گئیں ہیں۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی شعیب جدون نے کہا کہ پانی کا سیمپل فیل ہونے پر ایک آئس فیکٹری کی اصلاح تک پروڈکشن بند کردی گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ کھانوں کی تیاری میں رنگ کی ملاوٹ کرنے پر کیٹرنگ یونٹ کو 20 ہزار روپے جرمانہ کردیا گیا ہے۔ کارروائیاں بہاولپور روڈ، وہاڑی روڈ، گردیزی چوک، ہیڈ محمد والا اور شاداب کالونی میں کی گئیں ہیں ۔
شعیب خان جدون نے کہا ملاوٹی خوراک کی تیاری کیخلاف فوڈ سیفٹی ٹیمیں دن رات کوشاں ہیں ۔انہوں نے کہا کہ خوراک سے وابستہ ہر کاروبار کو روزانہ کی بنیاد پر چیک کیا جاتا ہے۔











