شیرانی ؛ شاندار ثقافتی میلے کا انعقاد، مارشل آرٹس، علاقائی رقص ، ثقافتی اتن، رسہ کشی اور دیگر مقابلے منعقد

17

شیرانی ،  یکم جولائی (اے پی پی ): ضلع شیرانی ٹاؤن میں شاندار ثقافتی میلے کا انعقاد کیا گیا ، میلے میں مارشل آرٹس کے مقابلے ، علاقائی رقص ، جعفر قوم کے ثقافتی اتن، موسیقی پروگرام ،  رسہ کشی اور دیگر مقابلے منعقد ہوئے ، میلے کی مہمان خصوصی قبائلی رہنما سردار عالمگیر جعفر ، تھے جبکہ ڈپٹی کمشنر شیرانی اعجاز احمد جعفر کے علاؤہ قبائلی عمائدین ، ضلعی انتظامیہ آفیسران ، اور شہریوں نے بھی شرکت کی۔

 اس موقع پر ڈپٹی کمشنر شیرانی اعجاز احمد جعفر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ علاقے کے ترقی کا راز علاقائی کلچر ، کھیلوں کے مقابلے ثقافتی میلے میں ہے، قوموں کو اپنا کلچر اپنانا چاہیے ۔ انھوں نے کہا کہ ضلع شیرانی کی ترقی میں قبائلی عمائدین کا اہم کردار ہے ۔

ڈپٹی کمشنر شیرانی اعجاز احمد جعفر نے کہا کہ  گزشتہ ماہ ضلع شیرانی کے جنگلات میں آگ پر قابو پانے کے لیے تمام محکموں نے جس طرح اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا وہ داد کے مستحق ہیں۔ انھوں نے کہا کہ کھیلوں کے مقابلے میں ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ۔

 اس موقع پر مارشل آرٹس کے کھلاڑیوں نے مختلف کرتب کا مظاہرہ کیا اور شرکا سے خوب داد وصول کی ، ڈھول کی تھاپ پر دورگ علاقائی رقص پیش کیا گیا ، جبکہ رات کو محفلِ موسیقی سے شرکا لطف اندوز ہوئے ۔

تقریب کے اختتام پر اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ضلعی افسران ، قبائلی عمائدین لیویز اہلکاروں ، پولیو ورکرز ، محکمہ ایجوکیشن سٹاف ، محکمہ صحت ، ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی شیرانی، ٹیچرز یونین اور  سکولوں کے بچوں اور دیگر میں تعریفی سرٹیفکیٹ شیلڈ تقسیم کئے گئے ۔