نارووال،02جولائی( اے پی پی): پنجاب حکومت کے احکامات کی روشنی میں دیگراضلاع کی طرح ضلع نارووال میں بھی ڈینگی ڈے منایاگیا،محکمہ صحت کے زیراہتمام ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرزکی سطح پر ایک آگاہی ریلی نکالی گئی۔ڈپٹی کمشنرامتیازشاہدگوندل نے ریلی کی قیادت کی،ریلی میں راہنما پی ایم ایل(ن) خواجہ ندیم بٹ کے علاوہ محکمہ صحت انڈسٹریز،ماحولیات،سول ڈیفنس،زراعت،پاپولیشن،تعلیم لائیوسٹاک،زکوۃ عشر،ریسکیو1122 ریونیو،بلڈنگز،ہائی ویزکے افسران سمیت کثیرتعداد میں شرکاء نے شرکت کی۔
ڈپٹی کمشنرامتیازشاہدگوندل نے ریلی کے شرکاء سےخطاب کرتے ہوئے کہاکہ ڈینگی سے بچاؤ کا واحد ذریعہ احتیاطی تدابیرہیں،انسداد ڈینگی سیمینار ریلی کا مقصد عوام کو آگاہی دینا ہے کیونکہ عوام کے تعاون کے بغیر انسداد ڈینگی مہم کی کامیابی ممکن نہیں۔انہوں نےکہاکہ شہری انسداد ڈینگی کیلئے موثر کردار ادا کریں اوراس کے لئے شہریوں کو مچھر کی افزائش نسل کی روک تھام کیلئے انسداد ڈینگی ٹیموں سے تعاون کرناہوگا۔
ڈپٹی کمشنرنارووال نے کہاکہ شہری اپنے گھروں سے کاٹھ کباڑ تلف کریں اور صفائی ستھرائی کا خاص رکھیں کیونکہ ڈینگی کا مرض جان لیوا بھی ہو سکتا ہے اوراحتیاطی تدابیر اختیار کرکے اس مرض سے بچا جا سکتا ہےلہذاڈینگی سے گبھرانے کی نہیں بلکہ اسے بھگانے کی ضرورت ہے اور اس کے لیے ہمیں اجتماعی کوششیں کرناہوں گی۔
واک ڈسٹرکٹ کمپلیکس سے شروع ہو کرچوک جسڑ بائی پاس پر اختتام پذیر ہوئی، شرکاء واک نے ڈینگی سے بچاؤ اور احتیاطی تدابیر کے حوالے سے بینر اور پینا فلیکس اٹھائے ہوئے تھے،واک کے اختتام پر ڈپٹی کمشنرنارووال نے لوگوں میں ڈینگی سے بچاؤ کے حوالے سے پمفلٹس بھی تقسیم کئے۔











