ملتان، 2 جولائی (اے پی پی): پاکستان کے میدانِ سیاحت کی ایک فعال اور سرکردہ شخصیت مکرم ترین جہانگرد نے نشتر میڈیکل یونیورسٹی کا دورہ کیا اور وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر رانا الطاف احمد سے ملاقات کی۔
مکرم ترین جہانگرد ایسی شخصیت ہیں جنہوں نے موٹر بائیک ٹورازم کو بام عروج تک پہنچایا۔ حال ہی میں انہوں نے گرین ڈرائیو کے عنوان سے بین الاقوامی شجرکاری مہم کا آغاز کیا ہے جس میں لاہور سے بائیک رائیڈ کا آغاز کیا تھا اور آج اولیاء کے شہر ملتان پہنچے جہاں نشتر ہسپتال ملتان وسیب ایکسپلورر اور کراس روٹ کلب ملتان کی جانب سے شجرکاری کی گئی۔
وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر رانا الطاف اور ایم ایس نشتر ہسپتال ملتان ڈاکٹر محمد نبیل سلیم سمیت دیگر انتظامی افسران کی جانب سے مکرم ترین کے اس سفر کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا اور دعا کی گئی کہ اللہ تعالیٰ اس سفر میں آپکی حفاظت فرمائے اور آپکے سیاحتی مقاصد میں کامیابی عطا فرمائے۔
پرنسپل نشتر میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر افتخار حسین خان، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر محمد نبیل سلیم، اے ایم ایس ایڈمن ڈاکٹر طارق سعید پیرزادہ، اے ایم ایس ڈاکٹر محمد علی رضا، ایڈمن رجسٹرار یورالوجی ڈاکٹر سید مزمل حسین، سینیئر رجسٹرار میڈیسن ڈاکٹر محمد ساجد چوہدری بھی اس موقع پر وہاں موجود تھے۔











