پاکپتن ، 02 جولائی (اے پی پی ):حکومت پنجاب کی خصوصی ہدایات پر صوبہ بھر کی طرح پاکپتن اور اس کی دونوں تحصیلوں میں بھی ڈینگی ڈے منایا گیا۔ڈینگی ڈے کے حوالے سے پاکپتن میں ڈپٹی کمشنر احمر سہیل کیفی کی قیادت میں واکس کا اہتمام کیا گیا۔ واکس میں انتظامی افسران سمیت سول سوسائٹی کے افراد نے بھرپور شرکت کی۔واکس کے دوران انتظامی افسران نے شہریوں میں ڈینگی سے متعلق پمفلٹس بھی تقسیم کئیے۔واکس کے شرکاء نے پلے کارڈز اور بینرز بھی اٹھا رکھے تھے جن پر ڈینگی وائرس سے بچاو اور احتیاطی تدابیر کے متعلق تحریری درج تھیں۔اسی حوالے سے مختلف مقامات پر ڈینگی ڈے کے حوالے سے سیمینارز بھی منعقد ہوئے۔
انسداد ڈینگی ڈے کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر احمر سہیل کیفی کا کہنا تھا کہ مون سون میں ڈینگی کی افزائش کا خدشہ ہوتا ہے اس لئیے شہری نہ صرف اپنے ارد گرد کے ماحول مثلاً گلی،محلوں چوراہوں اور بازاروں کو صاف رکھیں بلکہ مل کر ڈینگی کی افزائش کو روکنے کے لیے اداروں کا ساتھ دیں۔











