ملتان؛عیدالاضحی کے پیش نظر ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کے افسران اور ورکرز کی چھٹیاں منسوخ

22

ملتان، 3جولائی (اے پی پ): سی ای او ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی محمدفاروق ڈوگر نے عیدالاضحی کے پیش نظر افسران اور ورکرز کی چھٹیاں منسوخ کرنے کا اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ کمپنی کے تمام افسران عیدایام میں ڈیوٹی پر موجود رہیں گے اور عید صفائی آپریشن کی مانیٹرنگ کریں گے۔

 وہ اتوار کو یہاں عیدالاضحیٰ کےموقع پر صفائی انتظامات کے حوالے سے سیکٹر افسران سے خطاب کررہے تھے۔منیجر آپریشنز انوارالحق ،ڈپٹی منیجر آپریشنز عثمان خورشید اور حبیب اللہ ظفر بھی اس موقع پر موجودتھے۔

سی ای او محمد فاروق ڈوگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ  تمام فیلڈ فورس ایک ٹیم کی طرح کام کرتی نظر آئے اور عید ایام میں مون سون بارشوں کو پیش نظر رکھتے ہوئے انتظامات کئے جائیں۔انہوں نے کہا کہ قربانی کے جانور کی آلائش کو گلی اور سڑک پہ پھینکے  سے پہلے اسے وصول کرنا  ہمارا ٹارگٹ ہے۔فیلڈ فورس ہر گلی،محلے میں سنت ابراہیمی ادا کرنیوالوں کو آلائشیں کمپنی کے حوالے کرنے بارے آگاہی دے تاکہ صاف ستھرا، آلودگی سے پاک اورخوشگوار ماحول برقرار رکھا جا سکے۔اس کے علاوہ ہر سیکٹر میں آلائشوں کے لئے قائم عارضی پوائنٹس پر فینائل اور چونے کا بھرپور استعمال کیا جائے۔

 محمد فاروق ڈوگر نے کہا کہ نماز عید کے پیش نظر عید گاہوں اور جامعہ مساجد کے صفائی پلان پر عمل شروع کردیا جائے اور اہم شاہراہوں اور چوکوں کی پانی سے واشنگ اور وائٹ پاوڈر سے لائننگ کی جائے۔انہوں نے کمپنی ہیڈ آفس میں کنٹرول روم قائم کرنے کی بھی ہدایت کی۔

سی ای او محمد اروق ڈوگر نے اس عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تجربے کی بنیاد پر کمپنی انتظامیہ اور ورکرز عید قرباں پر مثالی صفائی سرانجام دیکر عوام کا دل جیتیں گے۔