مری،07جولائی(اے پی پی): آئی جی پنجاب راؤ سردار علی خان نے مری کا دورہ کیا اور عید پر سکیورٹی و ٹریفک مینجمنٹ پلان کا جائزہ لیا۔ انہوں نے عید کی چھٹیوں میں سیاحوں کی حفاظت، ٹریفک کی روانی اور انتظامی امور بارے ہدایات بھی جاری کیں۔
آئی جی پنجاب راؤ سردار علی خان نے کہا کہ عید قربان کی چھٹیوں میں سیاحوں کی سہولت اور تحفظ کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ انہوں نے عید کی چھٹیوں اور لانگ ویک اینڈ پر سی ٹی او مری کو ٹریفک کے بہترین انتظامات کرنے کا ٹاسک دیا اور کہا کہ رش کے پیش نظر اضافی نفری تعینات کی جائے، غفلت کسی صورت برداشت نہیں ہو گی۔
آئی جی پنجاب نے مری ٹورزم پولیس کے جوانوں کی کارکردگی اور جوش و جذبے کو سراہا اور کہا کہ مری ٹورازم پولیس کے اہلکار سیاحوں کی مدد اور تحفظ کیلئے کوئی کسرنہ اٹھا رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ عید چھٹیوں میں مری کی شاہرات پر ٹریفک کی روانی کو ہر صورت برقرار رکھا جائے، مری میں گاڑیوں اور داخلے اور اخراج کے حوالے سے جاری کردہ ایس او پیز پر عملدرآمد کیا جائے۔
آئی جی پنجاب راؤ سردار علی خان نے ہدایت کی کہ سپروائزری افسران عید کی چھٹیوں میں خود فیلڈ میں نکل کر ٹریفک اورسکیورٹی انتظامات کی نگرانی کریں۔ انہوں نے کہا کہ پری مون سون سیزن اور شدید بارشوں کے پیش نظر ہرطرح کے حالات سے نمٹنے کی تیاری رکھی جائے۔پولیس،ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر محکمہ موسمیات کی طرف سے جاری کردہ ایڈوائزری کے مطابق انتظامات مکمل کریں اور کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے اضافی پولیس ٹیمیں ہر وقت تیار رہیں۔
آئی جی پنجاب نے پتریاٹہ میں پولیس کاٹیج کا افتتاح بھی کیا۔ اس موقع پر آر پی او راولپنڈی، سی پی او راولپنڈی، مری ٹورازم اور ٹریفک پولیس کے دیگر افسران بھی موجود تھے۔











