اسلام آباد،16جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے ہفتہ کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج عمران خان نے اپنی تقریر میں اپنی شکست کو تسلیم کیا ہے، عمران خان جس طرح کی باتیں کر رہے ہیں اس سے لگتا ہے کہ ان کی زبان اور دماغ ان کے قابو میں نہیں، ایسا تب ہوتا ہے کہ جب انسان گھبرایا ہوا، ہارا ہوا، مسترد شدہ اور ناکام ہو۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان جانتے ہیں کہ یہ چاروں چیزیں ان میں موجود ہیں، وہ مسترد اور ناکام ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے عوام نے عمران خان کی دی ہوئی بے روزگاری، مہنگائی اور معاشی تباہی کے خلاف اعلان جنگ کر دیا ہے، عمران خان نے چار سالوں کے دوران ملک میں عوام کو تکلیف کے سوا کچھ نہیں دیا، انہوں نے ملک کو سری لنکا بنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔











