اسلام آباد،16جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے ہفتہ کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ضمنی انتخابات میں اس جماعت کی فتح ہوگی جس نے ہمیشہ پاکستان کو معاشی بحرانوں سے نکالا اور معاشی استحکام کی طرف لے کر گئی ، مسلم لیگ (ن) وہ جماعت ہے جس نے ملک سے اندھیروں کا خاتمہ کیا، معیشت کو درست کیا، خطے میں سی پیک دیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان جانتے ہیں کہ انہوں نے اپنے چار سالوں میں بجلی میں ایک میگاواٹ کا اضافہ نہیں کیا، وہ ایک کلو میٹر سڑک تک نہیں بنا سکے، عوام سے ایک کروڑ نوکریوں اور پچاس لاکھ گھروں کے جھوٹے وعدے کئے، انہوں نے اپنے دور میں ایک یونیورسٹی اور ہسپتال تک نہیں بنایا، یہی وجہ ہے کہ وہ آج اپنے کسی بھی خطاب میں کسی ایک کام کا تذکرہ تک نہیں کر سکتے۔











