فیصل آباد،17 جولائی (اے پی پی): صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی 97جھمرہ ون میں اتوار کو منعقد ہونیوالے ضمنی الیکشن کیلئے پولنگ صبح ٹھیک 8 بجے شروع ہوگئی ہے ۔پولنگ شروع ہونے سے قبل الیکشن کمیشن کی ہدایات کی روشنی میں پریذائیڈنگ افسران نے امیدواران کے پولنگ ایجنٹوں کی موجودگی میں شفاف بیلٹ بکس سربمہر کئے اور بیلٹ پیپرز و دیگر انتخابی مواد کے سیل بند لفافے کھول کر انتخابی عمل کا آغاز کیا۔
مذکورہ حلقہ میں مسلم لیگ (ن) کے امیدوار چوہدری محمد اجمل چیمہ اور پی ٹی آئی کے امیدوار علی افضل ساہی سمیت 12 امیدواروں میں مقابلہ ہورہا ہے جہاں آج138463مردوں اور117421 خواتین سمیت کل 255884ووٹرزاپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے جن کیلئے168پولنگ سٹیشنزاور550پولنگ بوتھ قائم کئے گئے ہیں جن میں 68مردانہ اور64زنانہ کے علاوہ36کمبائنڈ پولنگ سٹیشنزجبکہ مردوں کے پولنگ بوتھس کی تعداد291اور خواتین کے پولنگ بوتھس کی تعداد 259ہے۔ حلقہ کے51 پولنگ سٹیشنزکو انتہائی حساس اور39پولنگ سٹیشنزکو حساس قراردیا گیا ہے جہاں مجموعی طور پرپولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے5132اہلکار تعینات کئے گئے ہیں، نیز رینجرز اور پاک آرمی کو بھی سٹینڈ بائی رکھا گیا ہے۔











