کوئٹہ، 17 جولائی (اے پی پی): وزیراعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو سے مشیر داخلہ و پی ڈی ایم اے میر ضیاء لانگو نے اتوار کو یہاں ملاقات کی ہے ۔ ملاقات میں حالیہ بارشوں کی صورتحال اور امداد و بحالی کی کارروائیوں پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔وزیر اعلیٰ بلوچستان نے مشیر داخلہ و پی ڈی ایم اے کو متاثرین کی امداد و بحالی کیلئے تمام وسائل برؤے کار لانے کی ہدایت کی اور کہا کہ کوئی بھی متاثرہ علاقہ اور متاثرہ خاندان امداد سے محروم نہ رہے۔
وزیراعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے یہ بھی ہدایت کی کہ مزید بارشوں کی پیشگوئی کے تناظر میں ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی تیاری مکمل رکھی جائے اور وزیراعلیٰ، پی ڈی ایم انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کے درمیان مربوط روابط قائم لئے جائیں۔ وزیراعلی نے کہا کہ حالیہ بارشوں کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورتحال پر چیک اینڈ بیلنس رکھنے کی ضرورت ہے۔
مشیر داخلہ میر ضیا لانگو نے کہا کہ حالیہ بارشوں کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورتحال میں مزید بہتری کی گنجائش ہے، مصیبت کی اس گھڑی میں ہم اپنے عوام کے ساتھ ہیں انہیں تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ملاقات میں ڈپٹی اسپیکر بلوچستان اسمبلی سردار بابر موسی خیل بھی موجود تھے۔











