پیپلز پارٹی نے اتحادی جماعتوں کی بھرپور حمایت جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے؛ سینیٹر سید یوسف رضا گیلانی

12

ملتان، 18 جولائی (اے پی پی ): پاکستان  پیپلز پارٹی کے  رہنما   سینیٹر سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے ایک اہم اجلاس میں چیئر مین بلاول بھٹو زرداری اور سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ پی پی پی موجودہ حکومت کو اس وقت تنہا نہیں چھوڑے گی ، ضمنی انتخابات کی بابت اتحادیوں کا اہم اجلاس کل لاہور میں ہوگا۔ جس میں آئندہ کا لائحہ عمل سب مل کر طے کریں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو  یہاں  گیلانی ہاﺅس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ سید یوسف رضا گیلانی نے   کہا کہ الیکشن ایک پراسس ہے جس میں ہار جیت ہو تی رہتی ہے، پی ٹی آئی اپنی ہی 20 نشستوں میں سے 5 ہار گئی ہے جبکہ پی ڈی ایم نے تمام ضمنی انتخابات میں کامیابیاں حاصل کیں تھیں ۔

سینیٹر سید یوسف رضا گیلانی نے کہاکہ پی پی پی کو ہدایات تھیں کہ ن لیگ کو ضمنی انتخابات میں سپورٹ کرنا ہے  اور ہم نے بھر پورمدد کی۔انہوں نے کہا کہ مریم نواز نے ضمنی انتخابات میں بہت اچھی کوشش کی۔جس کے لئے ان کی تعریف کرنی چاہیے ۔

ایک سوال کے جواب میں   سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ عمران خان کا بیانیہ تھا کہ اسٹیبلشمنٹ اور الیکشن کمیشن حکومت کے ساتھ مل کر ان کو دھاندلی کے ذریعے ہرانا چاہتے ہیں جس کو اب پوری قوم جان گئی ہے۔پی ٹی ائی کی قیادت پر آرٹیکل 6لگانے کے سوال کے جواب میں سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ اس کا فیصلہ حکومت کرے گی  لیکن ان کی رائے میں یہ قابل عمل نہیں ہے ۔

 ایک سوال کے جواب میں کہ کیا پی پی پی اتحادی جماعتوں سے مل کر الیکشن لڑے گی ۔ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پی پی پی ایک الگ جماعت ہے اس کا منشور اور پروگرام آزاد ہے تاہم الیکشن کا فیصلہ پا رٹی لیڈر شپ کرے گی۔