لاہور،18جولائی (اے پی پی): وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن آئندہ انتخابات میں بھرپور کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی،مسلم لیگ ن کو ضمنی انتخابات میں شکست تحریک انصاف کے لوگوں کو ٹکٹ دینے کی وجہ سے ہوئی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو یہاں وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ جو امیدوار ہارے انہوں نے بھی انتخابی نتائج تسلیم کئے، ضمنی انتخابات کے نتائج کے بعد ہم نے اپنی خود احتسابی کی، اپنی کمزوریوں کا جائزہ لیا،ایسے الیکشن ہوئے جن پر کوئی انگلی نہیں اٹھا سکتا۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) آئندہ الیکشن میں بھرپور کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کامیابی حاصل کرے گی۔











