ملتان، 20جولائی(اے پی پی): ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی نے شہر میں قائم بھانوں اور سڑکوں اور گلیوں میں ملبہ اور کچرا پھینکنے والے شہریوں کے خلاف بھرپور کارروائی کرتے ہوئے گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران59 شہریوں کو نوٹس جاری کئے ہیں۔
عوامی شکایات پر ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کی انفورسمنٹ ٹیم یونین کونسل49 محلہ عارف آباد میں قائم بھانے جا پہنچی، درجنوں بھینسوں پر مشتمل باڑے نے پورے علاقے کا سیوریج سسٹم تباہ اور بلاک کر دیا تھا اور ماحول میں انتہائی تعفن تھا۔انفورسمنٹ ٹیم نے بھانہ شہر سے باہر شفٹ کرنے کے لئے مالک کو نوٹس جاری کردیا ہے اور نوٹس کی کاپی میٹروپولیٹن کارپوریشن کو بھی ارسال کردی گئی ہے تاکہ بھانہ شہر سے باہر شفٹ نہ کرنے کی صورت میں کارپوریشن مویشی ضبط اور عدالت میں استغاثہ دائر کرنے کے لئے کارروائی کرے۔
اسی طرح یونین کونسل 30، 31، 32، 49 اور 50 میں درجنوں شہریوں کو سڑکوں پر کچرا پھینکنے پر نوٹس جاری کردئے گئے ہیں۔جن شہریوں کو نوٹس نوٹس جاری کئے گئے ہیں ان میں ہوٹلز، چکن شاپس، جنرل سٹورز مالکان اور فروٹ و سبزی فروش شامل ہیں۔نوٹس میں آئندہ سڑکوں پر کچرا پھینکنے کی صورت میں کارروائی کی وارننگ دی گئی ہے۔
انفورسمنٹ ٹیم کی جانب سے دوکانداروں کو صفائی کے اوقات کے دوران کچرا کمپنی ورکرز کے حوالے کرنے بارے آگاہی بھی دی گئی۔











