ملتان، 20 جولائی (اے پی پی ): وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر رانا الطاف احمد نے نشتر لیبر روم اور وہاں قائم کردہ بلڈ بینک اور فارمیسی سٹور سمیت نشتر ہسپتال کے دیگر شعبوں کا تفصیلی دورہ کیا۔ وہ شعبہ نیورو سرجری، نشتر ہسپتال لانڈری اور ہیلتھ کارڈ کاونٹر بھی گئے اور مریضوں کی راہنمائی کے لیے کیے گئے انتظامات اور دستیاب طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر انہوں نے عملے کی حاضری سمیت انہیں درپیش مسائل بارے آگاہی حاصل کی اور مریضوں سے علاج معالجہ کی سہولیات بارے بھی استفسار کیا۔ مذکورہ شعبوں کے سربراہان نے وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی کو اس موقع پر بریفنگ دی اور شعبوں میں جاری تعلیمی وتدریسی سرگرمیوں اور فراہم کی جانے والی طبی سہولیات بارے تفصیلات سے آگاہ کیا۔
وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر رانا الطاف احمد نے تمام شعبوں کے سربراہان کو ادویات کی دستیابی و فراہمی، طبی سازو سامان کی دستیابی اورفعالیت کو یقینی بنانے کے ساتھ سروس ڈیلیوری میں مزید بہتری کے لیے جانفشانی سے کام جاری رکھنے کی ہدایت کی ۔











