عمران خان کے دور میں زیادہ وقت امپورٹڈ وزیر خزانہ رہے؛ بلال اظہر کیانی

11

اسلام آباد،20جولائی  (اے پی پی):وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے معیشت و توانائی بلال اظہر کیانی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت نے ساڑھے تین سال کے دوران ملک کے ہر شعبہ کو نقصان پہنچایا، عمران خان کے دور میں  زیادہ وقت امپورٹڈ وزیر خزانہ رہے، عمران خان نے اپنے دور میں کروڑوں لوگوں کو غربت کی چکی میں دھکیل دیا ہے  جبکہ موجودہ حکومت نے ملک کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا ۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے  بدھ کو یہاں   پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ بلال اظہر کیانی نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے ساڑھے تین سال کے دوران ملک کے ہر شعبہ کو نقصان پہنچایا اور تباہ کیا، عمران خان کے دور میں غربت اور قرضوں میں ریکارڈ اضافہ ہوا، عمران خان نے مسلسل جھوٹ بولنے والے کرائے کے ترجمان رکھے ہوئے تھے، 2018ء میں عمران خان کو قوم پر مسلط کیا گیا،  عمران خان کے دور میں گردشی قرضوں میں بھی ریکارڈ اضافہ ہوا۔

 انہوں نے کہا کہ فواد چوہدری جیسے لوگوں کا سیاسی کیریئر ان کے ذاتی مفادات کے گرد گھومتا ہے اور مفاد چوہدری کی تاریخ بھی یہی ہے کہ جس کی حکومت ہوتی ہے اس کے ساتھ بیٹھ کر مفادات حاصل کر لیتا ہے، ضلع جہلم کے لوگ بھی اسی نام سے اس کو جانتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسی فواد چوہدری نے پی ٹی وی سپورٹس اور ریڈیو پاکستان کو بھی بہت نقصان پہنچایا، اس نے ریڈیو پاکستان کے درختوں کو بھی نہیں چھوڑا اس سے اور زیادہ کرپشن کیا ہو سکتی ہے۔