لاہور ، جولائی 30(اے پی پی): گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان سے ملتان کی مختلف جامعات کے وائس چانسلرز نے ملاقات کی۔ملاقات کرنے والوں میں ایمرسن یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر شوکت ملک ، ملتان ویمن یونیورسٹی کی وائس چانسلر ڈاکٹر عظمی قریشی اور محمد نواز شریف ایگریکلچر یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر آصف علی شامل تھے۔وائس چانسلرز نے گورنر پنجاب کو یونیورسٹیوں کی کارکردگی اور درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔
گورنر پنجاب نے وائس چانسلرز کو یونیورسٹیوں کے ماسٹر پلان بنانے کی ہدایت دی۔گورنر پنجاب نے وائس چانسلرز کو یونیورسٹیوں کے قلیل مدتی (Short Term) اور طویل مدتی (Long Term) منصوبے تیار کر کے شیئر کرنے کی ہدایت دی۔گورنر پنجاب نے کہا کہ وائس چانسلرز کی مدت ختم ہونے سے 6 ماہ قبل تعیناتی کا عمل شروع کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔وائس چانسلرز کی آسامیوں پر بروقت تقرری جامعات میں تعلیمی و انتظامی امور کو موثر طور پر چلانے کے لیے ضروری ہیں۔ انھوں نے کہا کہ یہ بات خوش آئند ہے عالمی رینکنگ میں پاکستانی یونیورسٹیوں کی کارکردگی میں بہتری آ رہی ہے۔ گورنر پنجاب نے ہدایت دی کہ اکیڈیمیہ کے انڈسٹریز کے ساتھ روابط مضبوط کریں.اس سے نہ صرف طلبہ کو ملازمت کے مواقع ملیں گے بلکہ یونیورسٹیوں میں کی گئی تحقیق سے انڈسٹری کو بھی فائدہ ہو گا. گورنر پنجاب نے کہا کہ جامعات میں ماحولیات پر کی گئی تحقیق سے عملی طور پر فائدہ اٹھانے کے تجاویز طلب کر لی ہے.اس حوالے سے جلد ایک کنسورشیم تشکیل دے دیا جائے گا. گورنر پنجاب نے کہا کہ نوجوان قوم کا سب سے قیمتی سرمایہ ہیں. وائس چانسلرز اپنے اپنے اداروں میں اساتذہ کو طلباء کی اخلاقی تربیت پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایات دیں. ہمارے مذہب میں اعلی اخلاق اور کردار سازی پہ بہت زور دیا گیا ہے. اساتذہ نوجوانوں کی اس طرح تربیت کریں کہ وہ ملک کے لیے ہمیشہ نیک نامی کمائیں۔











