اسلام آباد؛  ہفتہ وار ڈینگی رابطہ اجلاس، ڈپٹی کمشنر   عرفان نواز میمن کی متعلقہ شعبوں کو مانیٹرنگ کا میکانزم مزید بہتر بنانے کی ہدایات

13

اسلام آباد،22جولائی  (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن کی زیر صدارت ہفتہ وار ڈینگی رابطہ اجلاس، شرکاء کو تازہ ترین صورتحال اور کارکردگی کے بارے بریفنگ دی گئی اور تمام متعلقہ شعبوں کو مانیٹرنگ کا میکانزم مزید بہتر بنانے کے ہدایات کی گئیں ۔

 جمعہ کو منعقدہ اس اجلاس میں میٹرو پولیٹن کارپوریشن اسلام آباد(ایم سی آئی) کے شعبہ صحت، ماحولیات، عالمی ادارہ صحت اور اسلام آباد انتظامیہ کے نمائندوں نے شرکت کی ۔ اجلاس میں بارشوں کی وجہ سے مختلف مقامات پر جمع ہو جانے والیپانی کی وجہ سے ڈینگی لاروا کی افزائش کے امکانات اور ڈی واٹرنگ کے اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ ڈینگی لاروا کے تدارک کے حوالے سے نمایاں اقدامات اٹھا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈینگی لاروا بڑھنے کے خدشے کے پیش نظر اس سلسلے میں دفعہ 144 کا نفاذ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی جگہ پر ڈینگی لاروا پائے جانے پر قانونی کارروائی کی جائے گی، عوام سے گزارش ہے کہ پانی کھڑا نہ ہونے دیا جائے۔

 ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ہر شہری کا فرض ہے کہ گھر کے اند راورباہر گلیوں کو صاف رکھے اور بارشی پانی کو کھڑا نہ ہونے دے تاکہ ڈینگی پیدا کرنے والے مچھروں کی افزائش نہ ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع کی سطح پرڈسٹرکٹ ایمر جنسی ریسپانس کمیٹی بنائی جا رہی ہے۔

 ڈپٹی کمشنر نے تمام متعلقہ شعبوں کی ٹیموں کو مانیٹرنگ کے میکانزم کو بہتر بنانے کے ہدایات کی اور کہا کہ روزانہ کی بنیاد پر سوشل موبلائزرز کو مزید فعال بنایا جائے اورنشیبی علاقوں پر زیادہ توجہ مرکوز کی جائے۔