اخوت کالج یونیورسٹی قصور میں ریڈنگ روم کا افتتاح، جدید دور تعلیم میں ڈیجیٹل مہارتیں بہت اہم ہیں، گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن

18

لاہور،29جولائی(اے پی پی): گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے اخوت کالج یونیورسٹی قصور میں ریڈنگ روم کا افتتاح کیا۔پروفیسر ڈاکٹر سہیل چغتائی اور اخوت کے بورڈ آف ڈائریکٹر کے ممبرز بھی اس موقع پر موجود تھے۔اخوت کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر امجد ثاقب نے گورنر پنجاب کو اس موقع پر بریفنگ دی۔گورنر پنجاب نے اخوت یونیورسٹی کالج قصور کے مختلف بلاکس کا دورہ اور طلباء سے گفتگو بھی کی۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ اخوت کا ماڈل فلاحی کام کی ایک بہت بڑی مثال ہے. اللہ سبحان تعالیٰ کا نظام  ہے، آپ  جتنی خدمت خلق کریں گے، اللہ اتنا ہی زیادہ آپ کو نوازے گا۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ اس ادارے میں ملک کے تمام صوبوں  سے طلباء کی  نمائندگی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جس معاشرے میں لوگ فلاح و بہبود کے کام  اکٹھے کرنا سیکھ جاتے ہیں وہ ترقی کرتے ہیں اور کہا کہ آپ کو زندگی میں صحیح اور غلط میں تمیز کرنی ہے۔انھوں نے کہا کہ سچائی اور حق کا راستہ مشکل ہوتا ہے، لیکن اسی میں دائمی سچائی ہے۔آج کے جدید دور تعلیم میں ڈیجیٹل مہارتیں بہت اہم ہیں،ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کی بدولت  اب  کتابیں بھی ایک کمپیوٹر میں دستیاب ہیں اورکہا کہ لائبریری میں آن لائن بکس دیکھ کر خوشی ہوئی۔