فیصل آباد،5 اگست (اے پی پی): زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے کہا ہے کہ کشمیری بہن بھائیوں کو جس جبرواستبدار اور بربریت کا سامنا ہے اس کے خلاف پوری پاکستانی قوم سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم استحصال کشمیر کے سلسلے میں یونیورسٹی کے آفس آف سینئر ٹیوٹر کے زیراہتمام یکجہتی تقریبات سے بطور مہمان خصوصی اپنے خطاب کے دوران کیا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بھارتی استحصال کے خاتمے تک پوری قوم اپنے محصور کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے۔
یوم استحصال کشمیر کے حوالے سے سمینار اور ریلی کا انعقاد کیا گیا، ریلی کا اہتمام یونیورسٹی کے کلاک ٹاور پر کیا گیا تھا جہاں سے شرکاء ایک جلوس کی شکل میں ایڈمنسٹریشن بلاک کی طرف کشمیر بنے گا پاکستان کے نعرے لگاتے ہوئے رواں دواں رہے اور پورے 9 بجے یونیورسٹی میں سائرن بجائے گئے اور ایک منٹ کے لئے مکمل خاموشی اختیار کی گئی۔
ریلی میں سینئر ٹیوٹر ڈاکٹر شوکت علی، ٹریژرر عمر سعید قادری، ڈائریکٹر اورک ڈاکٹر ظہیر احمد ظہیر،رجسٹرار طارق محمود گل، ڈاکٹر محمد طیب،ڈائریکٹر سٹوڈنٹ افیئرندیم عباس،ڈاکٹر عاصم عقیل،اسسٹنٹ رجسٹرار شفقت ندیم سمیت انتظامی و تدریسی سٹاف نے بڑی تعداد میں شریک تھی۔
ڈاکٹر شوکت علی نے کہا کہ بھارت نے پانچ اگست کو جموں کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر کے مقبوضہ کشمیر کو براہ راست کنٹرول میں لے لیا ہے، عالمی برادری بھارت پر دباؤ ڈالے تاکہ وہ کشمیریوں پر ہونے والے ظلم و ستم کا سلسلہ ختم کر تے ہوئے جینے کا حق فراہم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب کشمیری اپنی امنگوں کے مطابق اپنے مستقبل کا فیصلہ کریں گے۔
عمر سعید قادری نے کہا دیگر عالمی اداروں کے معاہدوں اور مسئلہ کشمیر کے حوالے سے اقوام متحدہ کی قرار دادوں پر عمل کروایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں پر بھارتی ظلم و ستم اور انہیں استحصالی قوتوں کے چنگل سے نجات دلانے کے لئے پاکستانی قوم ہر سطح پر آواز بلند کرے گی۔











