ہنگو، 08اگست (اے پی پی): ضلع ہنگو میں نویں محرم الحرام کا مرکزی جلوس سخت سیکورٹی میں اپنی منزل پر پہنچ کر اختتام پذیر ہو گیا۔
نویں محرم کا علم و ذولجناع کا مرکزی جلوس علامہ جواد حسین کی حویلی سے برآمد ہو کر محلہ سیدان اور شاہو روڈ کراس کر کے قومی امام بارگاہ پاس کلے پہنچ کر اختتام پذیر ہو گیا۔ جلوس میں سینکڑوں عزادار موجود تھے، جنہوں نے ماتم، سینہ کوبی اور نوحہ گری کر کے امام الشہداء اور ان کے ساتھیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر شہر بھر میں سخت سیکورٹی کے انتظامات کیے گئے تھے۔
اس جلوس کے بعد قومی امام بارگاہ پاس کلے میں مجلس عزا کا انعقاد جاری ہے۔
دوسری طرف شہر کو دسویں محرم کے جلوس کے لئے سیل کر دیا گیا ہے اور سی سی ٹی وی کیمروں سے مانیٹرنگ روم کو منسلک کر دیا گیا ہے جبکہ شہر بھر میں موبائل فون سروس بھی دسویں محرم الحرام شام تک معطل رہے گا۔ ضلع ہنگو میں مجموعی طور پر 4500 سیکورٹی جوان مامور کئے گئے ہیں جن میں پاک فوج کے جوان بھی شامل ہیں۔











