کوئٹہ میں عاشورہ محرم کی سیکورٹی کیلئے جامع حکمت عملی تیار کی گئی ہے؛ ڈی آئی جی فدا حسین شاہ

13

کوئٹہ،09 اگست(اے پی پی): ڈی آئی جی کوئٹہ فدا حسین شاہ نے کہا کہ کوئٹہ میں عاشورہ محرم کی سیکورٹی کیلئے جامع حکمت عملی تیار کی گئی ہے ، پولیس اور ایف سی جوان جلوس کے روٹ پر تعینات ہونگے ، پاکستان آرمی کی بٹالینز کو اسٹینڈ بائے رکھا گیا ہے، سیکورٹی کے لئے  پانچ ہزار 200 پولیس اور دو ہزار ایف سی جوان عاشورہ محرم پر سیکورٹی ڈیوٹی پر ہونگے ۔ ائیر سرویلیئینس کے ساتھ 600 سی سی ٹی وی کیمروں سے جلوس کے روٹ کی مانیٹرنگ کی جائے گی۔

ان خیالات کا اظہار ڈی آئی جی کوئٹہ فدا حسین شاہ نے پیر کو یہاں  پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ محرم الحرم کے موقع پر کوئٹہ شہر میں69 مقامات پر عارضی چیک پوسٹ لگائے گئے ہیں ،57 امام بارگاہوں پر 2 ہزار 300 پولیس جوان سیکورٹی کیلئے مستقل تعینات کئے گئے ہیں جبکہ  لیویز ، اے ٹی ایف ، آر آر جی اور بی سی کی سیکورٹی میں  مچھ ، بولان ، مارواڑ اور ہزارہ ٹاؤن سے آنے والے قافلے علمدار روڈ سے عاشور کے جلوس میں شامل ہونگے ۔

ڈی آئی جی کوئٹہ فدا حسین شاہ نے کہا کہ شہر کہ 24 امام بارگاہوں کو انتہائی حساس اور 23 کو حساس ڈیکلئیر کیا گیا ہے جبکہ  موبائل فون سروس بھی مکمل بند طور پر  رہے گی ۔