کوئٹہ؛چیف سیکرٹری بلوچستان عبد العزیز عقیلی کا سی پی او آفس میں قائم کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کا دورہ، سیکورٹی انتظاما ت کا جائزہ لیا

15

کوئٹہ،09 اگست (اے پی پی): چیف سیکرٹری بلوچستان عبد العزیز عقیلی نے سی پی او کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انسپکٹر جنرل  بلوچستان پولیس عبدالخالق شیخ نے ان کا استقبال کیا، چیف سیکرٹری کو اس موقع پر کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ محرم الحرام کے سیکورٹی انتظامات اور دیگر امور سے متعلق اور خاص طور پردسویں محرم کے جلوس کے سیکیورٹی انتظامات پر بریفنگ دی گئی ۔

محرم الحرام میں امن و امان کی مجموعی صورتحال، سیکورٹی کے انتظامات و دیگر ضروری اقدامات کے حوالے سے چیف سیکرٹری نے خصوصی ہدایات جاری کیں۔ چیف سیکرٹری بلوچستان نے امید ظاہر کی کہ کسی بھی فورم سے مذہبی دل آزاری یا مذہبی منافرت کے پھیلاؤ کی حوصلہ شکنی ہوگی اور محرم الحرام بخیر و آفیت اختتام پزیر ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے حوالے سے بہترین سیکورٹی انتظامات کیے جارہے ہیں جو کہ اطمینان بخش ہیں،  حکومت بلوچستان کی جانب سے محرم الحرام کے دوران جاری کردہ ایس او پیز پر عملدرآمد منتظمین جلوس و مجالس ہر صورت یقینی بنائیں۔انہوں نے کہا کہ  محرم الحرام کے دوران ماتمی جلوسوں، مجالس اور مذہبی اجتماعات کے حفاظتی انتظامات پر کسی قسم کی کوتاہی برادشت نہیں کی جائے گی، ضلعی انتظامیہ پولیس کے ساتھ مربوط رابطے میں رہیں اور پوری طرح چوکس رہیں۔ سینٹرل پولیس آفس میں جلوسوں کی مانیٹرنگ کیلئے  قائم کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے ذریعے مانیٹرنگ کو مذید بہتر بنایا جائے ۔

 چیف سیکرٹری بلوچستان نے کہا کہ بلوچستان پولیس  ضلعی انتظامیہ اور دیگر سیکیورٹی ایجنسیاں مشترکہ طور پر صوبے میں امن و امان اور فول پروف سیکورٹی انتظامات کے لیے ڈیوٹی سرانجام دے رہی ہیں اور میری دعا ہے کہ اللہ رب العزت محرم کے آیام  بخیر و عافیت اختتام پزیر کرے۔