پاراچنار،08 اگست (اے پی پی ): پاراچنار سمیت ضلع کرم کے ڈھائی سو سے زائد امام بارگاہوں میں شب عاشور کے موقع پر ماتمی مجالس اور عزاداری کے جلوسوں کا سلسلہ جاری ہے جس میں عزادار اور علماء نواسہ رسول ﷺ اور ان کے جانثار ساتھیوں کو خراج عقیدت پیش کررہے ہیں ۔
ضلع کرم کے صدر مقام پاراچنار کے مرکزی امام بارگاہ سے شب عاشور کے موقع پر خیبر پختونخواہ کا سب سے بڑا ماتمی جلوس برآمد ہوگیا ہے جو اذان فجر کے ساتھ اختتام پذیر ہوگا۔ضلع کرم کے دوسو پچاس سے زائد امام بارگاہوں میں بھی ماتمی مجالس جاری ہیں جس میں علمائے کرام نواسہ رسول حضرت امام حسین ؑ اور ان کے جانثار ساتھیوں کو خراج عقیدت پیش کررہے ہیں۔ عزاداروں کے لیے جگہ جگہ یخنی نیاز حسینؑ چائے شربت اور پانی کے سبیلوں کے ساتھ طبی امدادی کیمپوں کا بندوبس بھی کیا گیا ہے۔
کل یوم عاشورہ کے موقع پر بھی دن بھر ماتمی مجالس اور جلوسوں کا سلسلہ جاری رہے گا جس کے بعد امام بارگاہوں میں مجالس شام غریبان برپا کئے جائینگے۔











