پاکپتن؛ بابا فرید الدین مسعود گنج شکر رحمت اللہ علیہ کے 780ویں سالانہ عرس کی آخری تقریبات جاری

18

پاکپتن ، 08 اگست (اے پی پی ):برصغیر پاک و ہند کے عظیم صوفی بزرگ اور پنجابی زبان کے شاعر حضرت بابا فرید الدین مسعود گنج شکر رحمت اللہ علیہ کے 780ویں سالانہ عرس کی آخری تقریبات جاری ہیں۔بہشتی دروازہ کی آخری روز کی قفل کشائی کر دی گئی ہے۔زائرین اور عقیدت مند بہشتی دروازہ سے گزرنے کی سعادت حاصل کر رہے ہیں۔

بہشتی دروازہ کی آخری روز کی قفل کشائی ڈپٹی کمشنر پاکپتن احمر سہیل کیفی،ڈی پی او پاکپتن نصیب اللہ خاں اور مینجر اوقاف محمد نعمان سیفی نے دیوان فیملی اور سینکڑوں عقیدت مندوں کی موجودگی میں کی۔بہشتی دروازہ صبح نماز فجر سے پہلے بند کر دیا جائے گا۔روزانہ ایک لاکھ کے قریب  زائرین بہشتی دروازہ سے گزرنے کی سعادت حاصل کرتے ہیں۔

بہشتی دروازہ کی آخری روز کی قفل کشائی کی رسم میں دیوان فیملی، ڈپٹی کمشنر پاکپتن،ڈی پی او پاکپتن سمیت دنیا بھر سے آئے زائرین نے شرکت کی۔آج بہشتی دروازہ سے گزرنے کا آخری روز ہے کل دس محرم کو صبح فجر کی نماز سے پہلے بشتی دروازہ کو ایک سال کے لئیے اور مزار کے نوری دروازہ کو شہدائے کربلاء کے سوگ میں چالیس روز کیلئے  بند کر دیا جائے گا۔