سیالکوٹ،13اگست(اے پی پی):ریجنل ایمرجنسی آفیسر گوجرانوالہ سید کمال عابد نے پوری قوم کو جشن آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ گوجرانوالہ ڈویژن میں ہر ضلع کی سطح پر ڈائمنڈ جوبلی کے حوالے سے پروقار تقریبات کا انعقادکیا جائے گا۔
یوم آزادی کے حوالے سے اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے سید کمال عابد نے کہاکہ اس پر مسرت دن کے موقع پر میں اپنی طرف سے اور گوجرانوالہ ڈویژن کے تما م افسران اور جملہ سٹاف کی جانب سے پوری قوم کو 75ویں یوم آزادی کی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ہم پنجاب ایمرجنسی سروس ریسکیو ز 1122 کے بانی ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر رضوان نصیر کی ہدایات پر گوجرانوالہ ڈویژن میں ہر ضلع کی سطح پر ڈائمنڈ جوبلی کی پروقار تقریبات کا انعقاد کریں گے جس میں پرچم کشائی کی تقریبات کے علاوہ بچوں کے مختلف پروگرامزہوں گے جبکہ شہروں میں ڈائمنڈ جوبلی ریلیاں بھی نکالی جائیں گی۔
ریجنل ایمرجنسی آفیسر کا کہنا تھا کہ اس تمام ایکٹویٹی کا مقصد قوم کویہ احساس دلانا ہے کہ آزادی ایک بہت بڑی نعمت ہے جس کی ہمیں قدر کرنی چاہیئے بالخصوص نوجوان نسل کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کیا جائے تاکہ ملک و قوم کا مستقبل روشن ہو۔ انہوں نے کہا کہ ریسکیو 1122 جس طرح دیگر ارضی و سماوی حادثات اور آفات کے دوران اپنی خدمات انجام دیتا رہتا ہے اسی طرح ہمارے قومی دنوں خواہ یوم آزادی کی تقریبات ہوں، 6 ستمبر کی تقریبات ہوں یا عید میلاد النبی کی تقریبات ان تمام مواقع پر ریسکیو 1122 کے افسران اور جوان بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں اور اپنی قومی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھاتے ہیں ۔











