لاہور، 13 اگست ( اے پی پی ): تحریک آزادی پاکستان کے کارکن چوہدری محمد رفیق کمبوہ نے کہا ہے کہ پاکستان پاکستان بنانے کے لیے مسلمانوں نے بےپناہ قربانیاں دی جن کا چشمدید گواہ ہوں، مشرقی پنجاب سے نکلنے والے قافلوں میں کوئی خوش قسمت نوجوان ہی پاکستان دیکھ سکا باقی سب کو شہادت نصیب ہوئی ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے پی پی سے جشن آزادی کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ تحریک پاکستان میں سب سے بڑا حصہ سکول کالج اور یونیورسٹیوں نوجوان لڑکے اور لڑکیوں کا تھا جنہوں نے قائد اعظم کے ہر اول دستے کا فریضہ سر انجام دیا اور ہر جگہ ان کا نعرا گونجتا سنائی دیتا تھا کہ پاکستان کا مطلب کیا لا الہ الا اللہ اور لے کر رہیں گے پاکستان بن کر رہے گا پاکستان ۔
چوہدری محمد رفیق کمبوہ نے کہا کہ قائد اعظم متاثر کن شخصیت تھے عوام ان کو دل جان سے چاہتی تھی جب قائد اعظم نے 1948 میں پنجاب یونیورسٹی لاہور میں جلسہ کیا تو عوام کا سمندر آمڈ آیا تھا، ہائیکورٹ تک عوام کے سر ہی سر نظر آتے تھے، سب پتھر کی طرح کئی گھنٹے کھڑے رہے اور قائد کی ایک جھلک دیکھنے کے بےتاب نظر آتے تھے۔











