کراچی،26اگست (اے پی پی):چین کے تعاون سے تیار کردہ پاک بحریہ کے دوسرے 054 ایلفا فریگیٹ پی این ایس تیمور کی بحری بیڑے میں شمولیت کی تقریب پاکستان نیوی ڈاکیارڈ میں منعقد ہوئی ۔تقریب کے مہمان خصوصی چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمدامجد خان نیازی تھے،مہمان خصوصی نے پی این ایس تیمور کی کمانڈ سکرول کمانڈر پاکستان فلیٹ کے حوالے کی۔
نیول چیف ایڈمرل محمدامجد خان نیازی نے کہا کہ بحر ہند کا جیو اسٹریٹجک ماحول اور درپیش خطرات ایک مضبوط اور طاقتور بحری فوج کے متقاضی ہیں، پی این ایس تیمور ملکی سمندری حدود اورمفادات کا دفاع مزید موثر بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
پی این ایس تیمور جدید ہتھیاروں اور سینسرز سے لیس کثیر المقاصد جہاز ہے۔اس طرز کے مزید دوجہاز تکمیل کے مراحل میں ہیں جبکہ پی این ایس طغرل حال ہی میں بحری بیڑے میں شامل ہوا ہے ۔











