آئی جی پنجاب فیصل شاہکار سے چینی قونصل جنرل زہاؤ شیرن کی ملاقات، چینی شہریوں، ماہرین و سرمایہ کاروں کی سکیورٹی پر تبادلہ خیال

8

لاہور، 26 اگست ( اے پی پی ): آئی جی پنجاب فیصل شاہکار سے چینی قونصل جنرل زہاؤ شیرن  نے    جمعہ کو یہاں سنٹرل پولیس آفس میں ملاقات کی ہے، ملاقات میں پنجاب میں مقیم چینی شہریوں، ماہرین و سرمایہ کاروں کی سکیورٹی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے  آئی جی پنجاب فیصل شاہکار نے کہا کہ چائینز شہریوں سمیت تمام غیر ملکیوں کی سکیورٹی کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں،پولیس فورس کی استعداد کار میں اضافے کے لیے دوست ملک چین کے تجربات سے فائدہ اٹھایا جائے گا  جبکہ سپیشل پروٹیکشن یونٹ (ایس پی یو) چینی شہریوں کی سیکیورٹی کے فرائض پوری جانفشانی کے ساتھ ادا کر رہی ہے۔

 چینی قونصل جنرل نے چینی شہریوں کے تحفظ کیلئے سپیشل پروٹیکشن یونٹ اور پنجاب پولیس کی کارکردگی کو سراہا اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں جانی و مالی نقصان پر اظہار ہمدردی کیا ۔

ملاقات کے آخر میں آئی جی پنجاب اور چینی قونصل جنرل کے مابین یادگاری سووینئرز کا تبادلہ بھی کیا گیا۔ اس موقع پر چائنیز ڈپٹی قونصلیٹ جنرل اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔