چنیوٹ ،26 اگست (اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر محمد فاروق رشیدنے گورنمنٹ اسلامیہ کالج کے گراؤنڈ میں سنٹرل پنجاب انڈر 16کرکٹ ٹورنامنٹ کے ٹرائلز کا افتتاح کر دیا، محکمہ ایجوکیشن کے زیر اہتمام ضلع بھر کے سرکاری و پرائیویٹ سکولز کے بچوں نے ٹرایلز میں حصہ لیا۔
سی او ایجوکیشن ملک ظفر عباس ریحان نے ڈپٹی کمشنر کو سابقہ ٹورنامنٹ میں ضلع چنیوٹ کے کھلاڑیوں کی کارکردگی کے حوالے سے بتایا۔
ڈپٹی کمشنر محمد فاروق رشید نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جن کے کھیلوں کے میدان آباد ہوتے ہیں وہ قوم وہ معاشرہ صحت مند ہوتا ہے، مجھے بہت خوشی ہو رہی ہے ان بچوں کو میدان میں دیکھ کر کہ دوبارہ سے ہمارے میدان سج رہے ہیں اور یہ پھول جیسے بچے اپنی بہار دیکھ رہے ہیں، یہ حکومت پنجاب کا احسن اقدام ہے کہ انہوں نے دوبارہ سے کھیلوں کے میدان آباد کیے ہیں اور مختلف ایونٹس شروع کروائے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر محمد فاروق رشید نے کہا کہ گزشتہ سال چنیوٹ کے سکولوں نے بہترین کارکردگی دکھائی، امید کرتا ہوں کہ اس سال ان شاء اللہ ضلع چنیوٹ کے یہ بچے سنٹرل پنجاب انڈر 16کرکٹ ٹورنامنٹ جیت کر آئیں گے تو ہم انکو خوش آمدید بھی کریں گے اور انکے اعزاز میں شایان شان تقریب بھی منعقد کروائیں گے۔انہوں نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ مستقبل کے یہ معمار بچے ہر سطح پر اچھی کارکردگی دکھائیں گے اور ضلع چنیوٹ، پنجاب اور پاکستان کا نام پوری دنیا میں روشن کریں گے۔
فوکل پرس ڈپٹی ڈی او ملک مختار،سعید احمد، عبدالجلیل، پی سی بی کے امپائر /سلیکٹر،مختلف سکولوں کے اساتذہ، طلباء اور شہری کثیر تعداد میں موجود تھے۔











