بدین، 27 اگست (اے پی پی): صوبائی وزیر جامعات اور ضلع بدین کے رین ایمرجنسی کے نگران اسماعیل راہو نے بارش سے متاثرہ علاقوں اور بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینٹرز کا دورہ کیا۔سینٹر پر موجود خواتین نے صوبائی وزیر سے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے پیسوں سے کٹوتی کی شکایت کی جس پر اسماعیل راہو نے اسسٹنٹ کمشنر ایس ایف راہو کو غریب خواتین کے پیسوں سےکٹوتی کرنےوالوں کےخلاف سخت کارروائی کرنے کی ہدایت کی۔
اس موقع پر صوبائی وزیر نے کہا کہ وفاقی اور سندھ حکومت بارش سے متاثرہ علاقوں کے لوگوں کے لئے دن رات ریلیف کے کام کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت اور پارٹی قیادت اس مشکل گھڑی میں سندھ کی عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔
اسماعیل راہو نے بتایا کہ ضلع بدین کےتمام شہری علاقوں سے بارش کا پانی نکاسی کا کام مکمل کرلیا گیا ہے۔انہوں نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینٹر پر متاثرین کے لئے صاف پانی اور ٹینٹ لگانے کی بھی ہدایت کی۔











