لاہور،27 اگست ( اے پی پی ): وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی سے صوبائی وزیر مال نوابزادہ منصور علی خان نے ہفتہ کو یہاں ملاقات کی ہے، ملاقات میں نوابزادہ منصور علی خان نے وزیر اعلی پنجاب چودھری پرویز الہٰی کو وزیراعلیٰ فلڈ ریلیف فنڈ کیلئے چیک دیا۔
وزیر اعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے مالی امداد کے چیک پر نوابزادہ منصور علی خان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ متاثرین سیلاب کی مدد کے لئے آگے آنا عبادت سے کم نہیں مصیبت میں گھرے بہن بھائیوں کی مدد قوم کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔یقین ہے کہ قوم متاثرین کی بحالی اور آبادی کاری کے کار خیر میں بھرپور حصہ ڈالے گی۔
وزیر اعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ صاحب ثروت افراد کی دینی، قومی اور اخلاقی ذمہ داری ہے کہ وہ سیلاب زدگان کی مدد میں پیش پیش ہوں،حکومت پنجاب متاثرین کی مدد کے لئے تمام ممکنہ وسائل مہیا کررہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کی سیاسی و انتظامی ٹیم ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن کی نگرانی کے لیے فیلڈ میں موجود ہے،جنوبی پنجاب میں غیر معمولی بارشوں و سیلاب سے غیر معمولی صورتحال پیدا ہوئی ہے جبکہ تباہ کاریوں کوالفاظ میں بیان نہیں کیا جا سکتا۔
چودھری پرویز الہٰی نے کہا کہ یہ وقت اختلافات بھلا کر مصیبت زدہ بہن بھائیوں کی مدد کرنے کا ہےاصل سیاست اس وقت دکھی انسانیت کی خدمت ہی ہے ۔











