حکومت پنجاب نے ڈینگی وباءکی روک تھام کیلئے تمام محکموں کو الرٹ جاری کررکھا ہے؛ سیکرٹری ہاؤسنگ جنوبی پنجاب جاوید اختر محمود

11

ملتان،29 اگست(اے پی پی ): سیکرٹری ہاؤسنگ جنوبی پنجاب جاوید اختر محمود نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب نے ڈینگی وباءکی روک تھام کیلئے تمام محکموں کو الرٹ جاری کررکھا ہے، تمام اضلاع میں ڈسٹرکٹ ایمرجنسی ریسپانس کمیٹی کے پلیٹ فارم سے ڈینگی لاروا کی روک تھام کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے  ڈینگی مہم کے سلسلے میں ضلع ملتان کے محکموں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ڈپٹی کمشنر طاہر وٹو بھی انکے ہمراہ تھے۔اجلاس میں انسداد ڈینگی مہم کے اقدامات اور آگاہی مہم کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ،سیکرٹری ہاؤسنگ جنوبی پنجاب جاوید اختر محمود نے کہا کہ حالیہ موسم کے باعث ڈینگی لاروا کی افزائش کا خطرہ بڑھ گیا ہے اس لئے مہم میں ناقص کارکردگی کے حامل محکموں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔

جاوید اختر محمود نے کہا کہ ڈینگی لاروا ملنے پر کمرشل و نجی عمارتوں کو سیل کرنے کا آغاز کیا جائے جبکہ زیرتعمیر عمارات اور جوہڑوں کی خصوصی چیکنگ کی جائے گی۔ان کا کہنا تھا کہ شہری بھی اپنے اردگرد کے ماحول کو صاف اور خشک رکھیں ۔

ڈپٹی کمشنر طاہر وٹو نے کہا کہ ضلعی محکمے لاروا کی تلفی کیلئے صفائی اقدامات کے حوالے سے سرٹیفکیٹ پیش کریں جبکہ محکمہ صحت افسران ڈینگی پورٹل پر موصول ہونے والی شکایات کا فوری ازالہ کریں۔انہوں نے کہا کہ تمام ہسپتالوں میں ڈینگی کے علاج کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔

بعد ازاں ڈپٹی کمشنر طاہر وٹو نے ضلع میں ڈینگی لاروا کی تلفی کے اقدامات پر تفصیلی بریفننگ دی۔