لاہور،30 اگست (اے پی پی): گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے کہا ہے کہ نوجوان نسل میں صحت مند سپورٹس کو فروغ دینے کی ضرورت ہے، کھیل نوجوانوں میں نظم وضبط سمیت مختلف مثبت صلاحیتیں اجاگر کرتا ہے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے چیئرمین ریسلنگ پاکستان محمد ندیم پہلوان کی قیادت میں ملک بھر سے آئے نامور پہلوانوں کے وفد سے گفتگو میں کیا۔ملاقات میں میں پہلوانوں نے فنی پہلوانی کو درپیش مسائل سے گورنر پنجاب کو آگاہ کیا۔
گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف کے ویژن کے مطابق سپورٹس سے وابستہ شعبہ جات کی ہر سطح پر حوصلہ افزائی کی جائے گی، نوجوان نسل میں صحت مند سپورٹس کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ روایتی کھیل فن پہلوانی کو فروغ دینے اور اکھاڑوں کو آباد کرنے کی ضرورت ہے،پاکستانی ریسلر عالمی سطح پر ملک کا نام روشن کر چکے ہیں۔
اس موقع پر محمد ندیم پہلوان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فن پہلوانی کے ایونٹ نہ ہونے کی وجہ سے اکھاڑے غیر فعال ہو رہے ہیں،فن پہلوانی کے روایتی کھیل کو زندہ رکھنے کے لیے حکومتی سر پرستی کی ضرورت ہے۔











